احمد میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمانہ مبتلا کیا کیا قیاس آرائیوں میں ہے (غزل)
زمانہ مبتلا کیا کیا قیاس آرائیوں میں ہے
کرم ان کا بھی کچھ شامل مری رسوائیوں میں ہے
نہ جانے کتنی یادیں دل کو بہلاتی ہیں آ آ کر
نشاط زندگی حاصل مجھے تنہائیوں میں ہے
گراں خوابی کے عالم ہی میں گزرے گا ہر اک لمحہ
تغیر ہی تغیر وقت کی انگڑائیوں میں ہے
ہے پنہاں کس قدر ندرت تخیل کی بلندی میں
گراں مایہ دفینہ فکر کی گہرائیوں میں ہے
سخن پرور جو ہو کوئی ملے داد سخن احمدؔ
ہماری کامرانی حوصلہ افزائیوں میں ہے
نگاہ حسن نے جادو جگائے ہیں کیا کیا (غزل)
نگاہ حسن نے جادو جگائے ہیں کیا کیا
فریب اہل محبت نے کھائے ہیں کیا کیا
کسی نے وعدۂ فردا کا آسرا دے کر
حسین خواب تمنا دکھائے ہیں کیا کیا
زمانہ جن کو سمجھتا ہے داغ محرومی
مری حیات میں وہ رنگ لائے ہیں کیا کیا
نہ ہو سکی کبھی تکمیل آرزو پھر بھی
بساط ذہن پہ خاکے بنائے ہیں کیا کیا
متاع غم کسے معلوم ہے کہ ہم احمدؔ
نہ جانے پہلوئے دل میں چھپائے ہیں کیا کیا