ارشد عبد الحمید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سخن کے چاک میں پنہاں تمہاری چاہت ہے (غزل)
سخن کے چاک میں پنہاں تمہاری چاہت ہے
وگرنہ کوزہ گری کی کسے ضرورت ہے
زمیں کے پاس کسی درد کا علاج نہیں
زمین ہے کہ مرے عہد کی سیاست ہے
یہ انتظار نہیں شمع ہے رفاقت کی
اس انتظار سے تنہائی خوبصورت ہے
میں کیسے وار دوں تجھ پر مرے ستارۂ شام
یہ حرف خواب تو اک چاند کی امانت ہے
میں خاک خواب پلک سے جھٹکنے والا تھا
پتا چلا کہ یہی حاصل مسافت ہے
یہ مستطیل سا خاکہ کہ جس کو گھر کہیے
اسی کے دائرہ و در میں میری جنت ہے
یہ خوشہ چینی خوان انیسؔ ہے ارشدؔ
نمک نمط جو مرے شعر میں فصاحت ہے
میرے اشعار تموج پہ جو آئے ہوئے ہیں (غزل)
میرے اشعار تموج پہ جو آئے ہوئے ہیں
آب حیرت سے یہ مضمون اٹھائے ہوئے ہیں
شوخیاں کام نہ آئیں تو حیا دھر لے گی
اس نے آنکھوں کو کئی داؤ سکھائے ہوئے ہیں
کچھ ستارے مری پلکوں پہ چمکتے ہیں ابھی
کچھ ستارے مرے سینے میں سمائے ہوئے ہیں
اب وہ انسان کہاں جن سے فرشتے شرمائیں
ہم تو انسان کا بس بھیس بنائے ہوئے ہیں
غیر کو جمع کرو دشمن جاں کو بلواؤ
دوستو ہم کسی اپنے کے ستائے ہوئے ہیں