احمد محفوظ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جو دھواں دھواں سا ہے دشت گماں کے آس پاس (غزل)
یہ جو دھواں دھواں سا ہے دشت گماں کے آس پاس
کیا کوئی آگ بجھ گئی سرحد جاں کے آس پاس
شور ہوائے شام غم یوں تو کہاں کہاں نہیں
سنیے تو بس سنائی دے درد نہاں کے آس پاس
بجھ گئے کیا چراغ سب اے دل عافیت طلب
کب سے بھٹک رہے ہیں ہم کوئے زیاں کے آس پاس
ان کو تلاش کیجیے ہم تو ملیں گے آپ ہی
اپنی بھی جائے باش ہے گمشدگاں کے آس پاس
سینۂ شب کو چیر کر دیکھو تو کیا سماں ہے اب
منزل دل کے سامنے کوچۂ جاں کے آس پاس
وہ بھی عجب سوار تھا آیا ادھر ادھر گیا
پہنچی نہ میری خاک بھی اس کی عناں کے آس پاس
عالم سرد و گرم کی کیا ہو بھلا انہیں خبر
وہ جو رہے ہیں عمر بھر شعلہ رخاں کے آس پاس
اب اس مکاں میں نیا کوئی در نہیں کرنا (غزل)
اب اس مکاں میں نیا کوئی در نہیں کرنا
یہ کام سہل بہت ہے مگر نہیں کرنا
ذرا ہی دیر میں کیا جانے کیا ہو رات کا رنگ
سو اب قیام سر رہ گزر نہیں کرنا
بیاں تو کر دوں حقیقت اس ایک رات کی سب
پہ شرط یہ ہے کسی کو خبر نہیں کرنا
رفوگری کو یہ موسم ہے سازگار بہت
ہمیں جنوں کو ابھی جامہ در نہیں کرنا
خبر ہے گرم کسی قافلے کے لٹنے کی
یہ واقعہ ہے تو سیر و سفر نہیں کرنا