ارشد عباس ذکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تو کیا ہوا جو مرے ساتھ آج تو نہیں ہے (غزل)
تو کیا ہوا جو مرے ساتھ آج تو نہیں ہے
فقط یہی کہ ہے ویرانی ہاؤ ہو نہیں ہے
تمہارے ساتھ جو اک روز میری بات نہ ہو
تو یوں لگے کہ کسی سے بھی گفتگو نہیں ہے
یہ زخم دل کی نمائش نہیں تماشا گرو
دراصل بات یہ ہے پیرہن رفو نہیں ہے
کسی نے دیکھا نہیں ہم نے جیسے دیکھا اسے
غلط کہا ہے کسی نے وہ خوبرو نہیں ہے
ابھی ابھی جو مجھے تجھ پہ پیار آ رہا ہے
خدا کا شکر ادا کر تو روبرو نہیں ہے
میں آپ اپنا مخالف میں آپ اپنا حریف
مرے علاوہ مرا کوئی بھی عدو نہیں ہے
میں اداس ہوں مرے مہرباں میں اداس ہوں (غزل)
میں اداس ہوں مرے مہرباں میں اداس ہوں
تو کہیں نہیں ہے تو ہے کہاں میں اداس ہوں
مرا شہر خواب تو ریزہ ریزہ بکھر چکا
کہیں کھو گئی مری کہکشاں میں اداس ہوں
مجھے اپنے قدموں کی خاک میں ہی پناہ دے
میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے ماں میں اداس ہوں
یہ جو جنگ ہے کسی اور وقت پہ ٹال دیں
صف دوستاں صف دشمناں میں اداس ہوں
تمہیں عمر بھر کا ہے تجربہ کوئی مشورہ
کوئی مشورہ اے شکستگاں میں اداس ہوں
میں عجیب ہوں نہیں مختلف ہاں عجیب ہوں
وہاں سارا شہر ہے خوش جہاں میں اداس ہوں