پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرش صہبائی کی غزلیں — Arsh Sahbai Ghazals

عرش صہبائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نور افشاں ہے وہ ظلمت میں اجالوں کی طرح (غزل)

نور افشاں ہے وہ ظلمت میں اجالوں کی طرح

ہم نے پوجا ہے جسے دل سے شوالوں کی طرح

خون امید ہوا خون تمنا گاہے

دل چھلکتا ہی رہا مے کے پیالوں کی طرح

زندگی تیرے تغافل کی بھی حد ہے کوئی

اس قدر ناز نہ کر زہرہ جمالوں کی طرح

جب فراموش کریں گے ہمیں دنیا والے

اور ابھر آئیں گے ہم دل میں خیالوں کی طرح

دل تو کیا چیز ہے ہم روح میں اترے ہوتے

تم نے چاہا ہی نہیں چاہنے والوں کی طرح

عرشؔ بے باکی و حق گوئی ہے مذہب اپنا

ہم نہ بدلیں گے کبھی وقت کی چالوں کی طرح

کون سا وہ زخم دل تھا جو تر و تازہ نہ تھا (غزل)

کون سا وہ زخم دل تھا جو تر و تازہ نہ تھا

زندگی میں اتنے غم تھے جن کا اندازہ نہ تھا

ہم نکل سکتے بھی تو کیوں کر حصار ذات سے

صرف دیواریں ہی دیواریں تھیں دروازہ نہ تھا

اس کی آنکھوں سے نمایاں تھی محبت کی چمک

اس کے چہرے پر نئی تہذیب کا غازہ نہ تھا

اتنی شدت سے کبھی آیا نہ تھا اس کا خیال

زخم دل پہلے کبھی اتنا تر و تازہ نہ تھا

اس کی ہر اک سوچ میں ہے اک مسلسل انتشار

اس طرح بکھرا ہوا اس دل کا شیرازہ نہ تھا

دور کر دے گا زمانے سے مجھے میرا خلوص

مجھ کو اپنی اس صلاحیت کا اندازہ نہ تھا

عرشؔ ان کی جھیل سی آنکھوں کا اس میں کیا قصور

ڈوبنے والوں کو گہرائی کا اندازہ نہ تھا

مزید غزلیں از عرش صہبائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں