احمد کامران کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیرے حصے کے بھی صدمات اٹھا لیتا ہوں (غزل)
تیرے حصے کے بھی صدمات اٹھا لیتا ہوں
آ تجھے آنکھوں پہ اے رات اٹھا لیتا ہوں
عام سا شخص بچے گا تو اگر میں تیرے
خال و خد سے یہ طلسمات اٹھا لیتا ہوں
تو نے اے عشق یہ سوچا کہ ترا کیا ہوگا
تیرے سر سے میں اگر ہاتھ اٹھا لیتا ہوں
یہ اگر جنگ محبت ہے مرے یار تو پھر
ایسا کرتا ہوں کہ میں مات اٹھا لیتا ہوں
اس کے لہجے میں دراڑ آتی ہے اور میں اسی وقت
خواب رکھ دیتا ہوں خدشات اٹھا لیتا ہوں
مٹی سے بغاوت نہ بغاوت سے گریزاں (غزل)
مٹی سے بغاوت نہ بغاوت سے گریزاں
ہم سہمے ہوئے لوگ ہیں ہمت سے گریزاں
اک پل کا توقف بھی گراں بار ہے تجھ پر
اور ہم کہ تھکے ہارے مسافت سے گریزاں
اے بھولے ہوئے ہجر کہیں مل تو سہی یار
اک دوجے سے ہم دونوں ہیں مدت سے گریزاں
جا تجھ کو کوئی جسم سے آگے نہ پڑھے گا
اے مجھ سے خفا میری محبت سے گریزاں
اے زندہ بچے شخص یہ سب لے کے پلٹ جا
ہم جنگ میں ہیں مال غنیمت سے گریزاں