پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارمان رامپوری کی غزلیں — Arman Rampuri Ghazals

ارمان رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترے نام سے مجھے عشق ہے ترا کیا نشاں ہے خبر نہیں (غزل)

ترے نام سے مجھے عشق ہے ترا کیا نشاں ہے خبر نہیں

ہے خبر بھی گر تو اسی قدر تو کہاں نہیں تو کدھر نہیں

کبھی جا کے کوہ میں گھر گیا کبھی جا کے دشت بسا لیا

جسے لا مکاں کی ہو جستجو کہیں اس کا گھر نہیں در نہیں

غم زندگی بھی لٹا دیا زہے جس نے راہ فراق میں

جسے اپنے تن کا نہ ہوش ہو وہ ہے اور کوئی بشر نہیں

مجھے مست جام شراب کر نہ تو رخ کو زیر نقاب کر

کسے بے خودی میں یہ ہوش ہو ترا جلوہ شام و سحر نہیں

کوئی دیکھے ارماںؔ کی بے بسی ہے عجیب حالت بے کسی

نہیں ضبط سے کوئی فائدہ کرے آہ تو بھی اثر نہیں

حسن جب بے نقاب ہوتا ہے (غزل)

حسن جب بے نقاب ہوتا ہے

عشق خانہ خراب ہوتا ہے

کتنے معصوم دل جلا ڈالے

اک قیامت شباب ہوتا ہے

غیر سے باندھتے ہو عہد وفا

ہم سے لیکن حجاب ہوتا ہے

میں نے مانا کہ خواب ہے الفت

کتنا شیریں یہ خواب ہوتا ہے

کس کی نظروں سے پی رہا ہوں میں

کون مست شراب ہوتا ہے

جب لب بام آپ آتے ہیں

جلوہ گر ماہتاب ہوتا ہے

آئنہ اس کے روبرو ہو تو وہ

آپ اپنا جواب ہوتا ہے

مزید غزلیں از ارمان رامپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں