احمد امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ رہے زبان پہ قہقہے نہ کبھی لبوں پہ ہنسی رہی (غزل)
نہ رہے زبان پہ قہقہے نہ کبھی لبوں پہ ہنسی رہی
جو رہا تو مدتوں غم رہا کوئی لمحہ بھر نہ خوشی رہی
میں اکیلا راہ حیات میں کئی منزلوں سے گزر گیا
نہ کسی نے حال پہ کی نظر نہ کسی کی راہبری رہی
کسی دل پہ تیر سا چل گیا کسی دل کا زخم ابھر گیا
مری بات چبھتی رہی بہت مری بات چونکہ کھری رہی
یہ بڑی عجیب سی بات ہے جو تمام عمر ستائے گی
جو ملا مجھے سو بہت ملا مگر ایک تیری کمی رہی
کئی لوگ دور دراز سے مجھے یاد کرتے ہیں پیار سے
جو رہی تو میرے ہی شہر میں بڑی میری بے قدری رہی
فضا عجیب سی منظر عجیب دیکھتے ہیں (غزل)
فضا عجیب سی منظر عجیب دیکھتے ہیں
ہم حاسدین کو اپنے قریب دیکھتے ہیں
خلوص بانٹتے پھرتے ہیں اس کے بعد بھی ہم
اگرچہ سامنے اپنے صلیب دیکھتے ہیں
تمہیں گلہ ہے رقیبوں کی تنگ نظری کا
ہمیں تو تنگ نظر سے حبیب دیکھتے ہیں
عجب نگاہ سے تکتے ہیں مجھ کو اہل سخن
عجب نگاہ سے مجھ کو ادیب دیکھتے ہیں
حقارتوں کے سوا اور کچھ نہیں پاتے
کبھی جو کاسۂ دل میں غریب دیکھتے ہیں
کہاں نکلتا ہے سورج ہماری کاوش کا
کہاں چمکتا ہے جا کر نصیب دیکھتے ہیں