پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد عرفان کی غزلیں — Ahmad Irfan Ghazals

احمد عرفان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لگی تھی عمر پرندوں کو گھر بناتے ہوئے (غزل)

لگی تھی عمر پرندوں کو گھر بناتے ہوئے

کسی نے کیوں نہیں سوچا شجر گراتے ہوئے

یہ زندگی تھی جو دھتکارتی رہی مجھ کو

میں بات کرتا رہا اس سے مسکراتے ہوئے

بدن تھا چور مرا ہجر کی مشقت سے

سو نیند آئی مجھے درد کو سلاتے ہوئے

کوئی تو اس پہ قیامت گزر گئی ہوگی

کہ آپ بیتی وہ رونے لگا سناتے ہوئے

عجیب نیند میں تھا خواب گاہ ہستی کی

میں اس جہاں سے ترے اس جہاں میں جاتے ہوئے

کہانی گو کے ہر اک لفظ میں تھی جادوگری

رلا دیا تھا ہر اک شخص کو ہنساتے ہوئے

نہ میری چشم تمنا میں جچ سکی دنیا

پلٹ کے دیکھتا کیسے اسے میں جاتے ہوئے

میں جل اٹھا تھا ترے ہی خیال کی لو سے

تجھے خیال نہ آیا مجھے بجھاتے ہوئے

میں نہ کہتا تھا مرے بھائی نہیں ہو سکتی (غزل)

میں نہ کہتا تھا مرے بھائی نہیں ہو سکتی

آگ پانی میں شناسائی نہیں ہو سکتی

تتلیاں پھول پرندے اسے لینے آئے

اس سے بڑھ کر تو پذیرائی نہیں ہو سکتی

میرے چہرے پہ یہ مانگی ہوئی آنکھیں نہ لگا

ان میں جو ہے مری بینائی نہیں ہو سکتی

اک کنواں ہے سو ہے معلوم مرے بھائیوں کو

راستے میں تو کوئی کھائی نہیں ہو سکتی

پینٹنگ جان مصور کے بنے ہاتھوں کی

در و دیوار پہ یہ کائی نہیں ہو سکتی

جگ ہنسائی مری کروا دی زمانے بھر میں

تم تو کہتے تھے کہ رسوائی نہیں ہو سکتی

آ گیا دستہ ابابیلوں کا احمد عرفانؔ

اب ہمیں جنگ میں پسپائی نہیں ہو سکتی

مزید غزلیں از احمد عرفان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں