پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارمان خان کی غزلیں — Armaan Khan Ghazals

ارمان خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہروں کی چکا چوندھ سے اکتائے ہوئے لوگ (غزل)

شہروں کی چکا چوندھ سے اکتائے ہوئے لوگ

ہنستے ہیں بہت زور کے گھبرائے ہوئے لوگ

اے نیند تجھے مجھ سے شکایت ہے تو مت آ

پر مان لے آتے نہیں یاد آئے ہوئے لوگ

اک وہ ہے جو بیمار ہے دنیا کے دکھوں سے

پھر آتے ہیں اس شخص کے ٹھکرائے ہوئے لوگ

اے دور شہنشاہ محبت نہیں مرتی

زندہ ہیں ابھی تک ترے چنوائے ہوئے لوگ

تھک ہار کے دنیا سے جو آئے ترے در تک

اب جائیں کہاں پر ترے لوٹائے ہوئے لوگ

یہ کیسی محبت تھی کہ غم تک نہیں پہنچے (غزل)

یہ کیسی محبت تھی کہ غم تک نہیں پہنچے

کچھ تو تھی کمی آخری دم تک نہیں پہنچے

یا اپنی دعا ہی نہیں پہنچی ترے در تک

یا ہم ہی خدا تیرے کرم تک نہیں پہنچے

محرومیٔ الفت کہ یہ حد ہے کہ خدایا

دیدار تو پھر خیر ستم تک نہیں پہنچے

سننا ہے سناؤں میں محبت کے نتائج

وہ وہ رہے میں میں رہا ہم تک نہیں پہنچے

یہ کس کا لہو چیخ رہا جنگ کی خاطر

یہ کون ہیں جو اب بھی قلم تک نہیں پہنچے

اک خواب جو ہم نے دیکھا تھا (نظم)

اک خواب جو ہم نے دیکھا تھا

اک دل جس میں تم رہتے تھے

وہ خواب مکمل ہو نہ سکا

وہ دل بھی تم نے توڑ دیا

ٹوٹے دل نے بے چین کیا

اور نیند سے رشتہ ٹوٹ گیا

جب نیند سے رشتہ ٹوٹ گیا

تو خواب بھی ہم سے روٹھ گیا

جب نیند نہیں تو خواب نہیں

اک خواب گیا اک دل ٹوٹا

دونوں کے ذمہ دار ہو تم

مزید غزلیں از ارمان خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں