احمد حجازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رونے والا خوشی کو بھول گیا (غزل)
رونے والا خوشی کو بھول گیا
خار پا کر کلی کو بھول گیا
یاد رکھا مجھے رقیبوں نے
دوست میرا مجھی کو بھول گیا
بے وفائی نے ایسا تڑپایا
پیار کی ہر گھڑی کو بھول گیا
ایک صحرا کی مہربانی تھی
کہ میں آوارگی کو بھول گیا
داستاں صبح تک سنائی مگر
سننے والا ہنسی کو بھول گیا
عیش و عشرت کی زندگی پا کر
درد کی زندگی کو بھول گیا
کیسی الجھن میں آ پھنسا احمدؔ
جس سے بچھڑا اسی کو بھول گیا
آداب دوستی کے سکھانے کی عمر ہے (غزل)
آداب دوستی کے سکھانے کی عمر ہے
کردار زندگی کے نبھانے کی عمر ہے
آنسو خمار خواب چرانے کی عمر ہے
اس کو وفا کے راز بتانے کی عمر ہے
تم کو غموں سے کرنا پڑے گا مقابلہ
کس نے کہا یہ پینے پلانے کی عمر ہے
گزری خوشی کی عمر مرے پیارے ہم سفر
اب درد و غم کے گیت سنانے کی عمر ہے
اخلاق زندگی میں کسے چاہیے یہاں
نخرہ زمانے بھر کو دکھانے کی عمر ہے
آنکھوں میں پیاس دل میں محبت کی آس ہے
سانول کو بار بار منانے کی عمر ہے
بچوں کو یہ سکھائیے احمدؔ کہ ان کی اب
خوشیوں کے پھول ہر سو اگانے کی عمر ہے