پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عارف حسن خان کی غزلیں — Arif Hasan Khan Ghazals

عارف حسن خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو بے وفا ہی سہی تجھ سے پیار آج بھی ہے (غزل)

تو بے وفا ہی سہی تجھ سے پیار آج بھی ہے

ترے لیے یہ دل و جاں نثار آج بھی ہے

میں جانتا ہوں نہ آئے گا تو پلٹ کے کبھی

مگر مجھے تو ترا انتظار آج بھی ہے

تو لاکھ غیر سہی آج کل تو تھا میرا

دل و جگر پہ ترا اختیار آج بھی ہے

ترے بغیر بھی دنیا بہت حسیں ہے مگر

ترے فراق میں دل بے قرار آج بھی ہے

خوشی ہے مجھ کو تجھے مل گئی تری منزل

خوشی سے آنکھ مری اشک بار آج بھی ہے

نہ بھر سکے گا کبھی اس کو وقت کا مرہم

ترے کرم سے مرا دل فگار آج بھی ہے

میں تیرے باغ کا برگ خزاں رسیدہ ہوں

تو وہ کلی ہے کہ جس پر بہار آج بھی ہے

بچھڑ کے تجھ سے جیے جا رہا ہے کیوں عارفؔ

جگر میں یہ خلش نوک خار آج بھی ہے

کسی کا یوں تو ہوا کون عمر بھر پھر بھی (غزل)

کسی کا یوں تو ہوا کون عمر بھر پھر بھی

نہ جانے کیوں تھا یقیں تیرے پیار پر پھر بھی

ہزار بار مرے دل کو اس نے ٹھکرایا

مجھے ہے اس سے امید وفا مگر پھر بھی

تمہارے نقش قدم پر گیا میں سر بہ سجود

کسی کے آگے جھکایا نہ تھا یہ سر پھر بھی

میں اس کی چاہ میں دونوں جہان چھوڑ چلا

وہ بے وفا نہ مرا ہو سکا مگر پھر بھی

تمہاری بزم سے نکلے تو پھر ملی نہ اماں

بھٹکتے پھرتے رہے گرچہ در بہ در پھر بھی

نہ تو ہی تو وہ رہا اور نہ میں ہی میں وہ رہا

ہے نقش نام ترا میرے قلب پر پھر بھی

میں اپنی جان بھی اس پر لٹا کے دیکھ چکا

اسے عزیز رہا مجھ سے مال و زر پھر بھی

میں تجھ کو چھوڑ کے سر پھوڑنے کہاں جاؤں

مرے نصیب میں ہے تیرا سنگ در پھر بھی

بنا سکے نہ ترے دل میں اپنا گھر عارفؔ

لٹا دیا تری چاہت میں اپنا گھر پھر بھی

مزید غزلیں از عارف حسن خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں