پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد عظیم آبادی کی غزلیں — Ahmad Azimabadi Ghazals

احمد عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم راز رقیب ہو گئے ہو (غزل)

ہم راز رقیب ہو گئے ہو

اب میرے قریب ہو گئے ہو

تم اپنا مکان بھی اجالو

تاروں کے منیب ہو گئے ہو

بیمار امید کو دعا دو

مجبور طبیب ہو گئے ہو

تابوت میں روح پھونکنے کو

تم اذن صلیب ہو گئے ہو

ہر پردہ کے بعد ایک پردہ

حد درجہ عجیب ہو گئے ہو

سونے کی انگشتری میں احمدؔ

انگشت غریب ہو گئے ہو

اس پار تو خیر آسماں ہے (غزل)

اس پار تو خیر آسماں ہے

اس پار اگر دھواں دھواں ہے

اندھا ہے غریب خوش گماں ہے

اور سامنے کھائی ہے کنواں ہے

دیوار کہن کے زیر سایہ

بالو کے محل کی داستاں ہے

جلتی ہوئی ریت کا سہارا

جلتی ہوئی ریت بھی کہاں ہے

پتھر کی لکیر کے علاوہ

مٹی کا دیا بھی درمیاں ہے

ہر شہر کے زیر پردہ جنگل

احمدؔ یہ مقام امتحاں ہے

گوتم ہوئے کہ نانک کاکی ہوئے کہ چشتی (نظم)

گوتم ہوئے کہ نانک کاکی ہوئے کہ چشتی

لودی ہوئے کہ تغلق سید ہوئے کہ خلجی

آ آ کے جس میں ان کی ملتی گئی ہے مٹی

نا اتفاقیوں نے جس پر گرائی بجلی

میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے

اونچے پہاڑ جس کے تھے راستوں کو روکے

دشمن کو جس کے دریا لاتے تھے پر ڈبو کے

علم و ہنر کی دولت جس نے لٹائی سو کے

بچے گدا ہیں جس کے سب اپنا مال کھو کے

دولت کا جس کی عالم میں چار سو تھا چرچا

جس کے جواہروں نے تاجوں کو نور بخشا

غیروں کا جس زمیں کی کھیتی نے پیٹ پالا

ادبار نے پلٹ دی آ کر جہاں کی کایا

بارش کی طرح جس میں پڑتی تھی خیروبرکت

ملتی تھی جس زمیں میں روزی بلا مشقت

سارے جہاں نے جا کر جس کی اڑائی دولت

جس جا بر آئی اپنی بدکاریوں کی نکہت

بہتا تھا جس زمیں میں علم و ہنر کا دریا

قوموں نے باری باری چھاپہ ہے جس پہ مارا

بام فلک پہ چڑھ کر دیکھا ہے جس نے نیچا

جور فلک نے جس جا الٹی بہائی گنگا

مزید غزلیں از احمد عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں