احمد فیض آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواب آزادی کا آنکھوں میں مچلتا دیکھوں (غزل)
خواب آزادی کا آنکھوں میں مچلتا دیکھوں
قید پنجرے میں اگر کوئی پرندہ دیکھوں
لب کو یا آنکھ کو یا حسن سراپا دیکھوں
دو ہی آنکھوں سے بھلا اور میں کیا کیا دیکھوں
کیوں لیے پھرتا ہے چہرے پہ مکھوٹوں کا ہجوم
کب سے ہے دل میں تمنا تجھے تنہا دیکھوں
دل یہ کرتا ہے نکل جاؤں کسی دن خود سے
اور پھر دور سے خود اپنا تماشہ دیکھوں
میری آنکھوں میں طلب جھانک رہی ہے تیری
یوں ہی کب تک دل ناشاد کو روتا دیکھوں
غم کی جو برف ہے دل میں وہ پگھل جائے تو
شوق سے آنکھوں کے رستے تجھے بہتا دیکھوں
بے خطا قید ہوں اب کھول دو باب زنداں
تاکہ انصاف کے میزان کو بکتا دیکھوں
تیری آغوش محبت میں پگھل جاؤں میں
یعنی سورج کو سمندر میں اترتا دیکھوں
ایک مدت سے نہیں دیکھا ہے خود کو احمدؔ
پاس آ جا کہ تری آنکھوں میں چہرہ دیکھوں
ہر شخص جی رہا ہے غم اپنا لیے ہوئے (غزل)
ہر شخص جی رہا ہے غم اپنا لیے ہوئے
تنہا ہمارا دل غم دنیا لیے ہوئے
زلفوں کی برہمی کبھی ہونٹوں کی چاشنی
آتے ہیں خواب رات میں کیا کیا لیے ہوئے
کس پر کریں یقین کہ دور جدید میں
ملتے ہیں لوگ چہرے پے چہرہ لیے ہوئے
گزرو کبھی ادھر سے تو اک بار دیکھنا
ہم راہ میں کھڑے ہیں تماشہ لیے ہوئے
ہم جا رہے ہیں دل میں لیے دید کی امید
آنکھوں میں انتظار کا صحرا لیے ہوئے
کچھ لوگ جی رہے ہیں زمانے میں اس طرح
کاندھے پہ خود کے خود کا جنازہ لیے ہوئے
اب تک ملی نہیں ہے یقین و وفا کی بھیک
دل پھر رہا ہے ہاتھ میں کاسہ لیے ہوئے