عارف امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زخم سب اس کو دکھا کر رقص کر (غزل)
زخم سب اس کو دکھا کر رقص کر
ایڑیوں تک خوں بہا کر رقص کر
جامۂ خاکی پہ مشت خاک ڈال
خود کو مٹی میں ملا کر رقص کر
اس عبادت کی نہیں کوئی قضا
سر کو سجدے سے اٹھا کر رقص کر
دور ہٹ جا سایۂ محراب سے
دھوپ میں خود کو جلا کر رقص کر
بھول جا سب کچھ مگر تصویر یار
اپنے سینے سے لگا کر رقص کر
توڑ دے سب حلقۂ بود و نبود
زلف کے حلقے میں جا کر رقص کر
اس کی چشم مست کو نظروں میں رکھ
اک ذرا مستی میں آ کر رقص کر
اپنے ہی پیروں سے اپنا آپ روند
اپنی ہستی کو مٹا کر رقص کر
اس کے دروازے پہ جا کر دف بجا
اس کو کھڑکی میں بلا کر رقص کر
اپنی تکمیل کر رہا ہوں میں (غزل)
اپنی تکمیل کر رہا ہوں میں
اس گلی میں بکھر رہا ہوں میں
جتنا جتنا جھکا رہا ہوں سر
اتنا اتنا ابھر رہا ہوں میں
اک صحیفہ ہوں آسمانوں کا
اور زمیں پر اتر رہا ہوں میں
گردش وقت روکنی ہے مجھے
اس لیے رقص کر رہا ہوں میں
قیس کے بھی قدم نہیں ہیں جہاں
اس جگہ سے گزر رہا ہوں میں
پوچھ لو مجھ سے آسمان کے راز
کچھ دنوں تک ادھر رہا ہوں میں