عارف انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ مری سن کچھ اپنی سنا زندگی (غزل)
کچھ مری سن کچھ اپنی سنا زندگی
درد دل اور تھوڑا بڑھا زندگی
زندگانی کے فن سے ہوں لا علم میں
زندگی کرنا مجھ کو سکھا زندگی
تو نے اب تک وفا کی بہت شکریہ
شکریہ شکریہ شکریہ زندگی
ہر قدم ٹھوکریں زخم ہر گام ہیں
کب تلک دوں بتا خوں بہا زندگی
یہ کیا ہر گام بس لن ترانی وہی
گیت کوئی نیا گنگنا زندگی
یہ بھی بتلا ذرا تجھ کو کیسا لگا
موت سے جب ہوا سامنا زندگی
روشنی کیوں سیاہی میں ڈھلنے لگی
تجھ سے عارفؔ ہوئی کیا خفا زندگی
باغباں کی بے رخی سے نیلے پیلے ہو گئے (غزل)
باغباں کی بے رخی سے نیلے پیلے ہو گئے
خار کی مانند اب گل بھی نکیلے ہو گئے
بہتے دریا سے سبھی سیراب ہیں لیکن مجھے
صرف اک قطرہ ملا بس ہونٹ گیلے ہو گئے
مے کشوں نے بس قدم رکھا تھا صحن باغ میں
پھول پتے بیل بوٹے سب نشیلے ہو گئے
ایک ہی آدم سے ہیں لیکن سیاست کے نثار
کس قدر فرقے بنے کتنے قبیلے ہو گئے
میرے بچپن کا زمانہ پھول کا انبار تھا
جیسے ہی بچپن گیا انبار ٹیلے ہو گئے
اک نظر تنقید کی پڑنے کی عارفؔ دیر تھی
شعر جتنے تھے غزل میں سب رسیلے ہو گئے