احمد عظیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچھڑ گیا تھا تو اس کا خیال کیوں آیا (غزل)
بچھڑ گیا تھا تو اس کا خیال کیوں آیا
یہی تو دکھ ہے کہ شیشے میں بال کیوں آیا
نئی کرن سے ابھی آشنا ہوئی تھی زمیں
جواں تھا مہر یہ اس پر زوال کیوں آیا
جب ایک برگ نہ اشجار آرزو پہ رہا
تو مست موسم باد شمال کیوں آیا
ہر آرزو ہوئی کیوں اس کی بزم میں گھائل
ہر ایک خواب وہاں سے نڈھال کیوں آیا
اگر نہیں ہے تجھے رنج بے وفائی کا
تو تیرے لہجے میں اتنا ملال کیوں آیا
بھٹکتے پھرتے ہیں شہر وفا سے نکلے ہوئے (غزل)
بھٹکتے پھرتے ہیں شہر وفا سے نکلے ہوئے
بہت ملول ہیں کوئے وفا سے نکلے ہوئے
طلسم آب ثبات گلاب عکس چراغ
تمام رنگ ہیں تیری قبا سے نکلے ہوئے
بلائیں پھرتی ہیں خالی مکان میں شاید
پڑے ہیں دور دریچے ہوا سے نکلے ہوئے
نوا میں کرب وہی دل کی وحشتیں بھی وہی
گو ایک عمر ہوئی ہے بلا سے نکلے ہوئے
اب انتظار یہی ہے کہ راکھ اڑ جائے
جھلس جھلس گئے شعلے نوا سے نکلے ہوئے
مزید غزلیں از احمد عظیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں