پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اے آر ساحل علیگ کی غزلیں — Ar Sahil Aleeg Ghazals

اے آر ساحل علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وصل کا موسم ہو تو یہ سردیاں ہی ٹھیک ہیں (غزل)

وصل کا موسم ہو تو یہ سردیاں ہی ٹھیک ہیں

ہجر میں قربت کی یہ پرچھائیاں ہی ٹھیک ہیں

کیا بتاؤں میں کہ تم نے کس کو سونپی ہے حیا

اس لئے سوچا مری خاموشیاں ہی ٹھیک ہیں

عشق سے بیزار دل یہ چیخ کر کہنے لگا

عشق چھوڑو عاشقوں تنہائیاں ہی ٹھیک ہیں

اس قدر ہم ہو چکے رسوا وفا کے نام پر

اب شرافت چھوڑ دی بد نامیاں ہی ٹھیک ہیں

آپ نے چاہا جدائی سو الگ ہم ہو گئے

کیا کہیں اب آپ کی یہ مرضیاں ہی ٹھیک ہیں

ہو نہ پائے جب مکمل عشق کا قصہ تو پھر

شہرتیں رہنے دو اب گمنامیاں ہی ٹھیک ہیں

اس سے پہلے ہم جدا ہوں کچھ بھرم باقی رہے

درمیاں اب تلخ سی یہ دوریاں ہی ٹھیک ہیں

بجھ چکا جو کیوں وہ سلگاؤں محبت کا الاؤ

اب تلک جھیلی جفا کی سختیاں ہی ٹھیک ہیں

ہے فسانہ عشق کا ڈوبا ہے ساحل اشک میں

میرے مضموں کا یہ عنواں تلخیاں ہی ٹھیک ہیں

یوں تو ہونے کو کیا نہیں ہوتا (غزل)

یوں تو ہونے کو کیا نہیں ہوتا

آدمی بس خدا نہیں ہوتا

درد دل ٹوٹنے کا جان من

یا تو ہوتا ہے یا نہیں ہوتا

فاعلاتن فعلاتن فعلن

اس سے مصرع روا نہیں ہوتا

پینے پڑتے ہیں سینکڑوں آنسو

درد خود تو دوا نہیں ہوتا

جو بھی انساں ہے یار انساں ہے

کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا

ویسے رشتہ بہت سے ہیں ساحلؔ

درد سا اک سگا نہیں ہوتا

مزید غزلیں از اے آر ساحل علیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں