پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد امجدی بدایونی کی غزلیں — Ahmad Amjadi Badayuni Ghazals

احمد امجدی بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب سے تصورات میں آنے لگے ہیں وہ (غزل)

جب سے تصورات میں آنے لگے ہیں وہ

میرے دل و دماغ پہ چھانے لگے ہیں وہ

ہم جانتے ہیں ہم کو جلانے کے واسطے

غیروں کو اپنے پاس بٹھانے لگے ہیں وہ

جب تک صنم کدوں میں رہے دیوتا رہے

راہوں میں آ کے ٹھوکریں کھانے لگے ہیں وہ

نفرت تھی جن کو عشق و محبت کے نام سے

اب گیت خود ہی پیار کا گانے لگے ہیں وہ

احمدؔ دکھا دے آئنہ جا کر ذرا انہیں

اب دوسروں پہ انگلی اٹھانے لگے ہیں وہ

وفاؤں کا میری صلہ دینے والے (غزل)

وفاؤں کا میری صلہ دینے والے

سلامت رہے تو دعا دینے والے

مجھے میری منزل سے بھٹکا رہے تھے

مجھے راستوں کا پتا دینے والے

وہ اپنے گریباں میں جھانکیں تو پہلے

مرے ہاتھ میں آئنہ دینے والے

ترا منصفانہ طریقہ بھی دیکھا

محبت کی مجھ کو سزا دینے والے

میں اپنے مسائل میں الجھا ہوا تھا

صدا دے رہے تھے صدا دینے والے

وہ تیرے ہوں اپنے ضروری نہیں ہے

تجھے دیکھ کر مسکرا دینے والے

ترے ساتھ گزرے جو لمحے بہت ہیں

محبت میں مجھ کو دغا دینے والے

کروں شکر تیرا ادا کس طرح میں

ضرورت سے مجھ کو سوا دینے والے

وہی رہ گئے ہاتھ ملتے اے احمدؔ

جو تھے بھیڑ میں راستہ دینے والے

مزید غزلیں از احمد امجدی بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں