پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد امیر پاشا کی غزلیں — Ahmad Ameer Pasha Ghazals

احمد امیر پاشا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک عالم پہ بار ہیں ہم لوگ (غزل)

ایک عالم پہ بار ہیں ہم لوگ

عادتاً سوگوار ہیں ہم لوگ

گردش پا جنوں بڑھاتی ہے

سنگ رہ کی پکار ہیں ہم لوگ

پچھلی سب رنجشوں کو بھول بھی جا

اب ترے غم گسار ہیں ہم لوگ

جانتے ہیں ہنر محبت کا

اہل دل میں شمار ہیں ہم لوگ

اب ہمیں لوگ ہنس کے ملتے ہیں

اب بہت سازگار ہیں ہم لوگ

ہم نے مفہوم کو زباں دی ہے

حرف کا اعتبار ہیں ہم لوگ

کوئی چہرہ تو روشنی لائے

واہموں کا شکار ہیں ہم لوگ

اب تری دوستی کے قابل ہیں

دل گرفتہ و دل فگار ہیں ہم لوگ

دل چرانے کا کام کرتے ہیں

بر سر روزگار ہیں ہم لوگ

ایک پل بھی سکوں نہیں ملتا

کس قدر بے قرار ہیں ہم لوگ

شہریاری بھی اک نشہ ہے امیرؔ

تیرے حصے کا پیار ہیں ہم لوگ

محبت کو ریا کی قید سے آزاد کرنا ہے (غزل)

محبت کو ریا کی قید سے آزاد کرنا ہے

ہمیں پھر آرزؤں کا نگر آباد کرنا ہے

شکست فاش دینی ہے من و تو کے رویوں کو

مراسم کی بحالی کا ہنر ایجاد کرنا ہے

یہ کیا جبر تعلق ہے کہ پھر تیرے حوالے سے

کسی کو بھول جانا ہے کسی کو یاد رکھنا ہے

گزشتہ عہد میں بھی جرم تھا یہ کار حق گوئی

ہماری نسل کو بھی یہ بصد افتاد کرنا ہے

کئی دیگر حوالے بھی سرور و راحت دل ہیں

گئے موسم کی نسبت سے تمہیں بھی یاد کرنا ہے

ہمارے شعر اگر جذبوں کو خوشبو دے نہیں سکتے

تو پھر تو شعر کہنا وقت کو برباد کرنا ہے

مزید غزلیں از احمد امیر پاشا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں