پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاقب ضمیر کی غزلیں — Aquib Zamir Ghazals

عاقب ضمیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فتح کی مانا کہ سوغات نہیں آئے گی (غزل)

فتح کی مانا کہ سوغات نہیں آئے گی

میرے حصے میں مگر مات نہیں آئے گی

تم مرے پاس دوبارہ بھی چلے آئے تو کیا

تم میں جو پہلے تھی وہ بات نہیں آئے گی

آج جی بھر کے تجھے دیکھ لوں میں جانتا ہوں

لوٹ کر پھر یہ کبھی رات نہیں آئے گی

تو نے تو کہہ دیا بس دل سے نکل جاؤ مرے

کیا تری یاد مرے ساتھ نہیں آئے گی

دل کی ویران پڑی دشت‌ نما دھرتی پر

اب کبھی عشق کی برسات نہیں آئے گی

بد نصیبی کی بھی مجبوریاں سمجھو عاقبؔ

تم سے ملنے تو وہ دن رات نہیں آئے گی

بیٹھ کر چائے پی ہم نے جہاں برسات کے بعد (غزل)

بیٹھ کر چائے پی ہم نے جہاں برسات کے بعد

تیری خوشبو اسی کمرے میں ہے اس رات کے بعد

بس تری بات سنی تھی جو وہی کافی تھی

کون سنتا ہے کوئی بات تری بات کے بعد

اوئے ہوئے یہ تری انگلیاں برکت والی

میرے کاسے میں چمک ہے تری خیرات کے بعد

اپنی نظروں کے خزانوں سے دیا جو تو نے

ایک تونگر سے لگے ہم تری سوغات کے بعد

میں خطا کار رہوں پھر بھی نوازے ایسی

اور کوئی ذات نہ دیکھی تری اک ذات کے بعد

یوں تو سہتا رہا دھوپوں کی وہ بوچھاریں مگر

میرا گھر ٹوٹ گیا تھوڑی سی برسات کے بعد

زندگی نے تو ہر اک غم سے نوازا عاقبؔ

کیا بچا اور بتا اس کی عنایات کے بعد

مزید غزلیں از عاقب ضمیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں