احمد عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ میرے ساتھ چلنے پر اگر تیار ہو جائے (غزل)
وہ میرے ساتھ چلنے پر اگر تیار ہو جائے
بھلے منزل کی جانب سے مجھے انکار ہو جائے
مرا فن اداکاری نمایاں ہو کے ابھرے گا
ذرا تیری کہانی میں مرا کردار ہو جائے
نشاط انگیز شاموں کا تسلسل اس طرح ٹوٹا
کہ گہری نیند سے یک دم کوئی بیدار ہو جائے
اگر اپنی مدھر آواز میں نغمہ سنا دے وہ
تو راہ محفل یاراں ذرا ہموار ہو جائے
اگر وہ اک نظر دیکھے مرے جذبے کی سچائی
نصیحت چھوڑ کر ناصح مرا غم خوار ہو جائے
تری آنکھیں بتاتی ہیں تجھے مجھ سے محبت ہے
مگر دل کی تسلی کو ذرا اظہار ہو جائے
سمجھ لو تیرگی دیرینہ ساتھی ہو گئی عادلؔ
چراغ جاں جلانا جب تمہیں دشوار ہو جائے
ساز ہستی پہ ابھی جھوم کے گا لے مجھ کو (غزل)
ساز ہستی پہ ابھی جھوم کے گا لے مجھ کو
زندگی سے یہ کہو اور نہ ٹالے مجھ کو
میں نے تو صبح درخشاں کی دعا مانگی تھی
کیوں ملے زرد چراغوں کے اجالے مجھ کو
تجھ کو پانے کے لیے عمر گنوا دی میں نے
حق تو بنتا ہے کہ تو اپنا بنا لے مجھ کو
یہ تو ساقی کی جگہ اور کوئی بیٹھا ہے
یہ جو گن گن کے پلاتا ہے پیالے مجھ کو
میں زمانے کے جھمیلوں میں دھنسا جاتا ہوں
اس سے کہیے کہ وہ دلدل سے نکالے مجھ کو
اپنی خاموش تمنا کی اذیت سے نکل
جو سنانا ہے ذرا کھل کے سنا لے مجھ کو
ناتوانی ہی مری تاب و تواں ہے عادلؔ
میں نے کب تجھ سے کہا تھا کہ بچا لے مجھ کو