پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اقصیٰ فیض کی غزلیں — Aqsa Faiz Ghazals

اقصیٰ فیض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ عشق ہوتا ہے بن سکھائے کہ اس کا کوئی نصاب کیسا (غزل)

یہ عشق ہوتا ہے بن سکھائے کہ اس کا کوئی نصاب کیسا

ہر اک ہے اس راہ کا مسافر فقیر کیسا نواب کیسا

اصول ہے یہ دیار دل کا کہ آنے والا گیا نہ واپس

ہر اک ستم مسکرا کے سہنا سوال کیسا جواب کیسا

سکون دل کا مقام پوچھو وفا کی منزل کے راہیوں سے

کٹھن ہے ہر دن مسافتوں کا یہ رتجگوں کا عذاب کیسا

ہوا ہے چرچا زمانے بھر میں تمہاری بے نام چاہتوں کا

تو مجھ سے کیوں تم چھپا رہے ہو نگاہوں میں ہے یہ خواب کیسا

وفا کی راہوں پہ چل پڑے ہو تو دیکھو دل کو سنبھالے رکھنا

قدم قدم درد نارسائی یہاں تھکن کا حساب کیسا

اداسی کے جزیرے پر غموں کے سائے گہرے ہیں (غزل)

اداسی کے جزیرے پر غموں کے سائے گہرے ہیں

نگاہوں کے سمندر میں لہو رنگ اشک ٹھہرے ہیں

کہیں تنہائیوں نے وحشتوں سے دوستی کر لی

کہیں دل پر گزشتہ موسموں کے اب بھی پہرے ہیں

کہیں برکھا کی رت نے دل کی دنیا خوں میں نہلا دی

کہیں ویران راہوں پر قدم صدیوں سے ٹھہرے ہیں

سجایا ہے کہیں آنکھوں نے خود کو ماہ و انجم سے

اسی امید پر کہ آنے والے دن سنہرے ہیں

بھروسا کر تو لوں لیکن بتاؤ کس پہ کرنا ہے

کہ ہر چہرے کے پیچھے ہی نہ جانے کتنے چہرے ہیں

مزید غزلیں از اقصیٰ فیض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں