پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احرس صدیقی کی غزلیں — Aharas Siddiqui Ghazals

احرس صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھٹ گھٹ کے اپنے دل کی مرمت کرے گا کون (غزل)

گھٹ گھٹ کے اپنے دل کی مرمت کرے گا کون

اس بے وفا بشر سے مروت کرے گا کون

جب تک حجاب ہو تو رہے آرزوئے دید

آئے جو بے حجاب تو حسرت کرے گا کون

زاہد تمہارے ہاتھ میں ساغر ہے کس لئے

گر تم پیو گے ہم پہ ملامت کرے گا کون

خود کو ہی اپنا دشمن جانی بنا لیا

کم ظرف دشمنوں سے عداوت کرے گا کون

احرسؔ تمہارے دل میں ہے وحشت کا اک جہاں

تم ہی بتاؤ تم سے محبت کرے گا کون

ابھی اک دفعہ تھی ملی نظر ہوئے دل ربا کہ بچھڑ گئے (غزل)

ابھی اک دفعہ تھی ملی نظر ہوئے دل ربا کہ بچھڑ گئے

کسی اجنبی سے ذرا ذرا ہوئے آشنا کہ بچھڑ گئے

مجھے ہم سفر جو عزیز تھا مجھے ہم سفر وہ ملا نہیں

نہ سفر میں وہ مرے ساتھ ہے مرے پاس آ کہ بچھڑ گئے

ہوئی ہے دعا جو قبول اب مجھے راستے میں ملی تھی وہ

وہ مجھے دکھی میں اسے دکھا ہوا سامنا کہ بچھڑ گئے

سبھی کشتیوں پہ سوار تھے مرا ہم نشیں تو دکھا نہیں

مری بات سن مرے ناخدا ذرا ٹھہر جا کہ بچھڑ گئے

کسی بے وفا سے ہوں قربتیں یہ کسی عذاب سے کم نہیں

اے مرے خدا ترا شکریہ یہ سہی ہوا کہ بچھڑ گئے

یہی قسمتوں کا زوال تھا مری زیست میں نہ وصال تھا

کبھی رو کے ہم سے بچھڑ گئے کبھی مسکرا کہ بچھڑ گئے

کسی بے وفا سے لگا کے دل نہ کیا کرو یہ شکایتیں

اسے احرسؔ اپنی وفائیں دیں ہوئی کیا خطا کہ بچھڑ گئے

مزید غزلیں از احرس صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں