عاقب صابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تشنہ کامی میں رعایت نہیں کرنے والے (غزل)
تشنہ کامی میں رعایت نہیں کرنے والے
ہم امانت میں خیانت نہیں کرنے والے
روشنی ہم پہ عنایت نہیں کرنے والی
ہم چراغوں سے شکایت نہیں کرنے والے
ہم سے یہ کار مسافت نہیں ہونے والا
زندگی تیری قیادت نہیں کرنے والے
ہم سے ایام کی گردش نہیں دیکھی جاتی
خیر ہم اس کی وضاحت نہیں کرنے والے
حسب مقدور ہمیں خاک اڑانی ہے سو ہم
جسم خستہ کی مرمت نہیں کرنے والے
پھر وہی خواب وہی ضد نہیں عاقب صابرؔ
ہم اصولوں سے بغاوت نہیں کرنے والے
مرا وجود شمار نفس میں آیا نئیں (غزل)
مرا وجود شمار نفس میں آیا نئیں
تمام عمر میں سانسوں کے بس میں آیا نئیں
نقوش لمس حقیقت مٹانے والا تھا
مگر وہ خواب مری دسترس میں آیا نئیں
سوال یہ ہے کہ دشت بدن کا کیا ہوگا
اگر جنوں کا پرندہ قفس میں آیا نئیں
عجب نہیں کہ یہ باہیں کچل کے رکھ دیتیں
بھلا ہوا وہ حصار ہوس میں آیہ نئیں
یہ کون ہے جو ہمیں طول دیتا رہتا ہے
یہ کون ہے جو زد پیش وپس میں آیا نئیں