پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد علوی کی غزلیں — Ahmad Alvi Ghazals

احمد علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وفا کم ہے نظر آتی بہت ہے (غزل)

وفا کم ہے نظر آتی بہت ہے

بڑے شہروں میں دانائی بہت ہے

ہمارے پاؤں میں پتھر بندھے ہیں

تری آنکھوں میں گہرائی بہت ہے

بنانے کو ہمالہ نفرتوں کے

غلط فہمی کی اک رائی بہت ہے

نظر میں کس کی ہے پاکیزگی اب

کہ اس تالاب میں کائی بہت ہے

ہمارا ساتھ رہنا بھی ہے مشکل

بچھڑنے میں بھی رسوائی بہت ہے

سبھی کی زندگی ہے اپنی اپنی

بھرے گھر میں بھی تنہائی بہت ہے

ادب میں زندگی پانے کو علویؔ

فقط لہجے میں سچائی بہت ہے

ستمگر بے وفا کوئی تو ہوگا (غزل)

ستمگر بے وفا کوئی تو ہوگا

مرے محبوب سا کوئی تو ہوگا

ابھی ہنس لو مری دیوانگی پر

کبھی تم سے جدا کوئی تو ہوگا

ٹھکانہ جس سے تیرا پوچھ لیں گے

جہاں میں دل جلا کوئی تو ہوگا

چھپا بیٹھا ہے جو سارے جہاں سے

کہیں اس کا پتہ کوئی تو ہوگا

بہاریں لوٹ آئیں گی یقیناً

بدن نغمہ سرا کوئی تو ہوگا

اٹھا لینا ہمارا دل سمجھ کر

کہ ٹوٹا آئنہ کوئی تو ہوگا

مرغا بننے کے فوائد طب میں پائے بے حساب (نظم)

مرغا بننے کے فوائد طب میں پائے بے حساب

مولوی نے اس لئے مرغے بنائے بے حساب

مرغا بننے کا عمل ہوتا نہیں آسان بھی

مرغا بننے سے سنا ہے ڈرتا ہے شیطان بھی

مولوی مرغا بنانے میں ہمارے طاق ہیں

اس ہنر میں ملک کے تھانے بھی سارے طاق ہیں

ختم ہوتا جا رہا ہے مرغا بننے کا رواج

اس لئے بگڑا ہوا ہے نوجوانوں کا مزاج

مرغا بننے سے ذہانت ہوتے دیکھی دھار دار

مرغا بننے کے ملے طبی فوائد بے شمار

مرغا بننے سے ہے ٹوٹا کیسے کیسوں کا غرور

مرغ بننے سے انا بھی ہوتے دیکھی چکنا چور

کیسے ہوں ہم صاحب ایمان بن مرغا بنے

حفظ ہوتا ہی نہیں قرآن بن مرغا بنے

نسخہ دونوں کے لئے ہے پیر ہو وہ یا مرید

مرغا کھانے سے زیادہ مرغا بننا ہے مفید

سینہ چوڑا بچوں کا اور پیٹ ہو جاتا ہے کم

بچہ بے دم ہو اگر تو اس میں آ جاتا ہے دم

بھاگ جائیں مرغا بن جانے کے ڈر سے بھوت بھی

مرغا بننے سے اتر جاتے ہیں سر سے بھوت بھی

کتنے بھی مشکل ہو یارو کتنے بھی ہوں وہ ادق

یاد مرغا بننے سے ہو جاتے ہیں سارے سبق

شاعروں کے سر سے اترا شاعری کا بھوت بھی

ہم نے دیکھا ہے اترتے عاشقی کا بھوت بھی

مرغا بننے سے ہے مٹتا ہر طرح کا اضطراب

مرغا بننے سے ہی آئے مردہ چہروں پر شباب

کوئی لیڈر ہو یا افسر ککڑوں کوں کرتا ملے

سامنے بیوی کے ہر شوہر یہاں مرغا بنے

جو بھی بچپن میں بنا مرغا ہوا ہے کامیاب

جو نہیں بن پایا مرغا اس کی قسمت ہے خراب

مزید غزلیں از احمد علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں