پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاقب حیدر کی غزلیں — Aqib Haidar Ghazals

عاقب حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خاک ہوتے رہے نبھاتے رہے (غزل)

خاک ہوتے رہے نبھاتے رہے

ساری باتوں پہ مسکراتے رہے

ہم کو درکار تھی کوئی وحشت

گھر میں اک دشت سا بناتے رہے

جاتے جاتے بھی ہم نہ جاں سے گئے

آپ بھی آ رہے تھے آتے رہے

کشتیاں ڈوبتی رہیں یوں ہی

اور ملاح گیت گاتے رہے

خود کو پایا تھا ایک عمر کے بعد

خود کو سنتے رہے سناتے رہے

ناکردہ گناہوں کی سزا جھیل رہے ہیں (غزل)

ناکردہ گناہوں کی سزا جھیل رہے ہیں

یوں لگتا ہے غیروں کا کیا جھیل رہے ہیں

پروردۂ وحشت ہیں مگر وقت کے ہاتھوں

اک عمر سے شاداب فضا جھیل رہے ہیں

دل اب بھی تری اور سے بد ظن نہیں ہوتا

مدت سے ترا حرف دعا جھیل رہے ہیں

کیا ان کی خطاؤں پہ بھی امکان سزا ہے

چپ چاپ جو قسمت کا لکھا جھیل رہے ہیں

زندان کی دہلیز پہ بیٹھے ہوئے قیدی

آزاد خیالی کی سزا جھیل رہے ہیں

یہ دور جدائی تو بہت سخت ہے لیکن

ہے آپ کی حسرت تو بجا جھیل رہے ہیں

اس شخص سے ہے دل کو تسلی کی امیدیں

جس کو یہ خبر بھی نہیں کیا جھیل رہے ہیں

مزید غزلیں از عاقب حیدر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں