پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آغا شاعر قزلباش کی غزلیں — Agha Shayar Qazalbash Ghazals

آغا شاعر قزلباش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ کو آتا ہے تیمم نہ وضو آتا ہے (غزل)

مجھ کو آتا ہے تیمم نہ وضو آتا ہے

سجدہ کر لیتا ہوں جب سامنے تو آتا ہے

یوں تو شکوہ بھی ہمیں آئینہ رو آتا ہے

ہونٹ سل جاتے ہیں جب سامنے تو آتا ہے

ہاتھ دھوئے ہوئے ہوں نیستی و ہستی سے

شیخ کیا پوچھتا ہے مجھ سے وضو آتا ہے

منتیں کرتی ہے شوخی کہ منا لوں تجھ کو

جب مرے سامنے روٹھا ہوا تو آتا ہے

پوچھتے کیا ہو تمناؤں کی حالت کیا ہے

سانس کے ساتھ اب اشکوں میں لہو آتا ہے

یار کا گھر کوئی کعبہ تو نہیں ہے شاعرؔ

ہائے کم بخت یہیں مرنے کو تو آتا ہے

رونے سے جو بھڑاس تھی دل کی نکل گئی (غزل)

رونے سے جو بھڑاس تھی دل کی نکل گئی

آنسو بہائے چار طبیعت سنبھل گئی

میں نے ترس ترس کے گزاری ہے ساری عمر

میری نہ ہوگی جان جو حسرت نکل گئی

بے چین ہوں میں جب سے نہیں دل لگی کہیں

وہ درد کیا گیا کہ مرے دل کی کل گئی

کہتا ہے چارہ گر کہ نہ پائے گا اندمال

اچھا ہوا کہ زخم کی صورت بدل گئی

اے شمع ہم سے سوز محبت کے ضبط سیکھ

کم بخت ایک رات میں ساری پگھل گئی

شاخ نہال عمر ہماری نہ پھل سکی

یہ تو ہے وہ کلی جو نکلتے ہی جل گئی

دیکھا جو اس نے پیار سے اغیار کی طرف

شاعرؔ قسم خدا کی مری جان جل گئی