پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل صدیقی ماہر کی غزلیں — Aqeel Siddqui Maahir Ghazals

عقیل صدیقی ماہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب بھی ہمت ہے جان باقی ہے (غزل)

اب بھی ہمت ہے جان باقی ہے

میرے منہ میں زبان باقی ہے

جو گیا آج تک نہیں لوٹا

کس کا نام و نشان باقی ہے

رسم دنیا ہے آنے جانے کی

اور بھی اک جہان باقی ہے

تم سمجھتے ہو مل گئی دنیا

حشر کا امتحان باقی ہے

گر چکی ہیں ہزار دیواریں

اور بھی اک مکان باقی ہے

وہ حویلی امیر شہر کی ہے

جس کا نام و نشان باقی ہے

میرے اجداد کا ابھی ماہرؔ

عظمتوں کا نشان باقی ہے

ہر اک خواب پریشاں کو تو سلجھایا نہیں جاتا (غزل)

ہر اک خواب پریشاں کو تو سلجھایا نہیں جاتا

جو غم ہے دوستوں کا وہ بھی سمجھایا نہیں جاتا

وہ اک مشکل جو کوئے یار سے دار و رسن تک تھی

وجود اس کا دماغ و دل میں اب پایا نہیں جاتا

حرارت عشق کی ڈوبی سلاسل کی صداؤں میں

زباں پر گرمی لب کیا ہے بتلایا نہیں جاتا

کبھی ہم ساتھ رہتے تھے کبھی ناراض ہو جاتے

نہ جانے ذہن سے کیوں پیار کا سایا نہیں جاتا

عجب سی ایک الجھن ہے عیاں کرنا بھی مشکل ہے

حقارت کا نوالا ہم سے تو کھایا نہیں جاتا

بدن میں آگ ہے ماہرؔ نہ ٹھنڈک کوئی باتوں میں

نگاہوں سے کوئی دل آج گرمایا نہیں جاتا

ہندی زباں ہماری لگتی ہے ہم کو پیاری (نظم)

ہندی زباں ہماری لگتی ہے ہم کو پیاری

اس سے ہے پیار ہم کو جانے یہ دنیا ساری

چن چن کے پھول اس کے مالائیں ہم بنائیں

کرکے سنگھار اس کا نس دن اسے سجائیں

پہنچا دیں اس کو گھر گھر ہے کامنا ہماری

ہر شبد اس کا ہردے پٹ پر لکھا ہوا ہے

ہندی زباں کا امرت دل میں اتر گیا ہے

دیوانے ہم ہیں اس کے ہیں اس کے ہم پجاری

بادھائیں سب مٹا دیں ہم اس کے راستوں کی

دے دیں اسے اک منزل انسانوں کے دلوں میں

یہ گلشن وطن کی کہلاتی ہے دلاری

ہندی زباں سے ماہرؔ ہیں پیار کرنے والے

اس کی کرن کے ہر سو ہیں خوش نما اجالے

اس کے گلوں کی خوشبو لگتی ہے سب کو پیاری

مزید غزلیں از عقیل صدیقی ماہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں