آغاز برنی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب اگر عشق کے آثار نہیں بدلیں گے (غزل)
اب اگر عشق کے آثار نہیں بدلیں گے
ہم بھی پیرایۂ اظہار نہیں بدلیں گے
راستے خود ہی بدل جائیں تو بدلیں ورنہ
چلنے والے کبھی رفتار نہیں بدلیں گے
دور تک ہے وہی آسیب کا پہرہ اب بھی
کیا مرے شہر کے اطوار نہیں بدلیں گے
میں سمجھتا ہوں ستارے جو سحر سے پہلے
بجھنے والے ہیں شب تار نہیں بدلیں گے
گل بدل جائیں گے جب موسم گل بچھڑے گا
جب خزاں جائے گی تو خار نہیں بدلیں گے
لوگ بدلیں گے مفاہیم مسلسل آغازؔ
اور یہ سچ ہے مرے اشعار نہیں بدلیں گے
دور سے کیا مسکرا کر دیکھنا (غزل)
دور سے کیا مسکرا کر دیکھنا
دل کا عالم دل میں آ کر دیکھنا
خود کو گر پہچاننا چاہو کبھی
مجھ کو آئینہ بنا کر دیکھنا
قد کا اندازہ تمہیں ہو جائے گا
اپنے سائے کو گھٹا کر دیکھنا
میں اندھیرے اوڑھ کر سو جاؤں گا
تم اجالوں میں سما کر دیکھنا
شام کا منظر حسیں ہو جائے گا
ہاتھ پہ مہندی لگا کر دیکھنا
ہو چلا زخم تمنا مندمل
اک ذرا پھر مسکرا کر دیکھنا
کس قدر آغازؔ ابلتا ہے سکوں
تم ذرا آنسو بہا کر دیکھنا