پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل شاداب کی غزلیں — Aqeel Shadab Ghazals

عقیل شاداب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

برائے نام سہی کوئی مہربان تو ہے (غزل)

برائے نام سہی کوئی مہربان تو ہے

ہمارے سر پہ بھی ہونے کو آسمان تو ہے

تری فراخ دلی کو دعائیں دیتا ہوں

مرے لبوں پہ ترے لمس کا نشان تو ہے

یہ اور بات کہ وہ اب یہاں نہیں رہتا

مگر یہ اس کا بسایا ہوا مکان تو ہے

سروں پہ سایہ فگن ابر آرزو نہ سہی

ہمارے پاس سرابوں کا سائبان تو ہے

علاوہ اس کے نہ کچھ اور پردہ رکھ مجھ سے

فصیل جسم مرے تیرے درمیان تو ہے

بچھڑ کے زندہ نہیں رہ سکیں گے ہم دونوں

مجھے یہ وہم تو ہے ان کو یہ گمان تو ہے

بھلی بری سہی موجوں میں اپنی ناؤ تو ہے

کٹا پھٹا سہی کہنے کو بادبان تو ہے

گل مراد نہیں سنگ ہائے طفل سہی

غریب شہر کا آخر کسی کو دھیان تو ہے

شاید کوئی کمی میرے اندر کہیں پہ ہے (غزل)

شاید کوئی کمی میرے اندر کہیں پہ ہے

میں آسماں پہ ہوں مرا سایہ زمیں پہ ہے

افسانۂ حیات کا ہر ایک سانحہ

تحریر حرف حرف ہماری جبیں پہ ہے

دریا میں جس طرح سے ہو ماہی اسی طرح

میں ہوں جہاں پہ میرا خدا بھی وہیں پہ ہے

جنت خدا ہی جانے کہاں ہے کہاں نہیں

مجھ کو یقین ہے کہ جہنم یہیں پہ ہے

یوں جی رہے ہیں سخت اذیت کے باوجود

دار و مدار زیست کا جیسے ہمیں پہ ہے

اس طرح فاصلوں پہ فتح پا چکے ہیں ہم

اک پاؤں آسمان پہ ہے اک زمیں پہ ہے

شادابؔ حسن و عشق مساوی ہیں آج کل

الزام مجھ پہ ہے وہی اس نازنیں پہ ہے

رات دن ایک خلش رہتی ہے سینے میں مرے (نظم)

رات دن ایک خلش رہتی ہے سینے میں مرے

ہر گھڑی درد سا رہ رہ کے اٹھا کرتا ہے

ایک اجڑا ہوا ماضی ہے مرا سرمایہ

ایک گمنام جھجکتا ہوا مستقبل ہے

بیچ میں میں ہوں پریشان سا یوں استادہ

کوئی ساتھی نہ سہارا نہ کوئی منزل ہے

کوئی تنکا نہ سفینہ نہ کوئی ساحل ہے

کس طرف جاؤں پکاروں کسے اے وحشت دل

تو نے کیا کھویا ہے کیا پایا ہے کیا سوچا ہے

مزید غزلیں از عقیل شاداب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں