پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آغا نگینوی کی غزلیں — Agha Naginwi Ghazals

آغا نگینوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بسائے جاتے ہیں اہل جنوں سے ویرانے (غزل)

بسائے جاتے ہیں اہل جنوں سے ویرانے

رموز مملکت حسن کوئی کیا جانے

یہ کس کی بزم ہے آراستہ خدا جانے

نہیں ہے شمع تو کیوں جل رہے ہیں پروانے

ہے بندہ ہونے کے اظہار پر بشر مجبور

پئے سجود بنیں مسجدیں کہ بت خانے

نہ قیس دشت میں ہے اور نہ کوہ میں فرہاد

پر ان کے نام سے گونج اٹھتے ہیں یہ ویرانے

فزوں ہیں نغمۂ بلبل سے قہقہے گل کے

کہ انتظام چمن اب کریں گے دیوانے

دیار عشق میں برپا ہے انقلاب عظیم

یہ دور وہ ہے کہ اپنے ہوئے ہیں بیگانے

چھپا لیا رخ انور حنائی ہاتھوں سے

ہمارے دل پہ جو گزری تری بلا جانے

ستم ہزار ہوں ظالم مگر دلوں کو نہ توڑ

ترے خیال سے آباد ہیں یہ کاشانے

وہ حال غم مرا خود مجھ سے سن کے کہتے ہیں

کہ سن چکے ہیں ہم ایسے ہزار افسانے

ہے بادہ نوشی سے مستوں کو بعد مرگ بھی ربط

کہ ان کی خاک سے یاں بن رہے ہیں پیمانے

صنم سے حال دل زار کہہ تو دوں آغاؔ

مگر میں جاؤں کہاں وہ اگر برا مانے

نشاط کم ہے کہ سامان دل کشی کم ہے (غزل)

نشاط کم ہے کہ سامان دل کشی کم ہے

شریک بزم نہیں ہیں تو کیا تمہیں غم ہے

خودی کا زور ہے احساس بندگی کم ہے

اک انقلاب سے برہم نظام عالم ہے

حیات واجب و ممکن کا ربط باہم ہے

ہمارے دل کی تڑپ حاصل دو عالم ہے

فریب جب سے محبت پہ ہو گیا غالب

اک اضطراب ہے بے چین روح عالم ہے

نتیجہ عیش مسلسل کا شوق ممنوعات

عجب نہیں کہ یہ میراث ابن آدم ہے

شجر نہال ہیں خنداں ہیں گل کھلیں کلیاں

چمن میں جان تمنا کا خیر مقدم ہے

یہ ہر گھڑی کی پریشاں خیالیاں آغاؔ

تفکرات زمانہ سے ناک میں دم ہے

چھپا سکا نہ محبت کے راز کو آغاؔ

ہزار ضبط کیا پھر بھی آنکھ پر نم ہے

مزید غزلیں از آغا نگینوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں