عقیل شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
راہ وفا پہ کم ہیں خسارے ہمارے دوست (غزل)
راہ وفا پہ کم ہیں خسارے ہمارے دوست
ہیں اس سفر کے اپنے ستارے ہمارے دوست
کچھ سانپ چاہیے تھے خزانے کے واسطے
اتنے میں آستیں سے پکارے ہمارے دوست
اک دن سنبھل ہی جاتا ہے دنیا سے ہارا شخص
لیکن جو اپنے آپ سے ہارے ہمارے دوست
دشمن کی ہم کو کوئی ضرورت نہیں پڑی
کینہ بہ سینہ پھرتے ہیں سارے ہمارے دوست
ہم نے غزل کی اوٹ سے سب کچھ بتا دیا
لیکن سمجھ نہ پائے اشارے ہمارے دوست
خمیدہ راہ کو سیدھا غلط بتایا ہے (غزل)
خمیدہ راہ کو سیدھا غلط بتایا ہے
کسی نے اندھوں کو رستہ غلط بتایا ہے
ضرور چور تھا اس مرنے والے کے دل میں
تبھی خزانے کا نقشہ غلط بتایا ہے
میں ایک بات بتاتا مگر بزرگوں نے
ہر ایک بات بتانا غلط بتایا ہے
یہاں پہ رہتا نہیں کوئی قیس نام کا شخص
کسی نے آپ کو صحرا غلط بتایا ہے
یہ زیست واقعی مشکل ہے یا مجھے دل نے
گزارنے کا طریقہ غلط بتایا ہے
ہماری در بدری کیوں پسند ہے اس کو
نہ جانے کیوں پتا اپنا غلط بتایا ہے
جدید دور کے درویش ہیں عقیلؔ ہمیں
حریف نے سگ دنیا غلط بتایا ہے