پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آغا محمد تقی خان ترقی کی غزلیں — Agha Mohammad Taqi Khan Taraqqi Ghazals

آغا محمد تقی خان ترقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گر ایک شب بھی وصل کی لذت نہ پائے دل (غزل)

گر ایک شب بھی وصل کی لذت نہ پائے دل

پھر کس امید پر کوئی تم سے لگائے دل

اک دل تجھے مدام ستانے کو چاہیے

تیرے لئے کہاں سے کوئی روز لائے دل

اترا نہ آ کے یاں کوئی جز کاروان غم

مہماں سرا سے کم نہیں یارو سرائے دل

کوچہ سے اپنے ہم کو اٹھاتا ہے کس لئے

بیٹھیں ہیں ہم جہان سے اپنا اٹھائے دل

کہتے ہیں دردمند ترقیؔ کا حال دیکھ

یا رب کبھی کسی پہ کسی کا نہ آئے دل

دنیا کے جو مزے ہیں ہرگز وہ کم نہ ہوں گے (غزل)

دنیا کے جو مزے ہیں ہرگز وہ کم نہ ہوں گے

چرچے یہی رہیں گے افسوس ہم نہ ہوں گے

آغاز عشق ہی میں شکوہ بتوں کا اے دل

دکھ صبر ابھی تو کیا کیا ستم نہ ہوں گے

بلبل کے درد دل کو ممکن نہیں مداوا

گلچیں کے ہاتھ دونوں جب تک قلم نہ ہوں گے

یاد گزشتگاں پر کیا روئیں اب ترقیؔ

کیا ہم روانہ سوئے ملک عدم نہ ہوں گے