پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل سنبھلی کی غزلیں — Aqeel Sambhali Ghazals

عقیل سنبھلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خدا کرے کہ نہ ہو زندگی کی شام ابھی (غزل)

خدا کرے کہ نہ ہو زندگی کی شام ابھی

کہ داستان غم دل ہے ناتمام ابھی

نگاہ ناز سے ساقی اک اور جام ابھی

غم حیات سے لینا ہے انتقام ابھی

ابھی مجھے نہ ستاؤ سحر کے افسانے

دل و نگاہ پہ چھائی ہوئی ہے شام ابھی

جہاں سے اہل خرد نامراد لوٹ آئے

جنوں کی راہ میں آئیں گے وہ مقام ابھی

ابھی حیات میں رنگینئ حیات کہاں

کسی کا لطف و کرم ہے برائے نام ابھی

یہ جھلملاتے ستارے مجھے فریب نہ دیں

مرا شریک سفر ہے چراغ شام ابھی

ابھی عقیلؔ یقین سکون دل کیوں ہو

ہزار رنگ بدلتے ہیں صبح و شام ابھی

کیا کہئے دن شباب کے کیسے گزر گئے (غزل)

کیا کہئے دن شباب کے کیسے گزر گئے

جھونکے ہواؤں کے ادھر آئے ادھر گئے

میری نظر میں حاصل ہستی وہی رہے

وہ لمحے جو حیات کو بدنام کر گئے

کیوں یاد آ رہے ہیں وہ بے ساختہ مجھے

بھولے ہوئے بھی جن کو زمانے گزر گئے

پھر ان کو میکدے سے اٹھانے کا ذکر ہے

ساقی وہ تشنہ لب جو ترا نام کر گئے

اس دور نا شناس میں اہل وفا کہاں

سینوں میں اہل دل کے تو خنجر اتر گئے

ہم وہ چراغ ہیں کہ جو ہیں آندھیوں کے ساتھ

ہم وہ نہیں جو تیز ہواؤں سے ڈر گئے

جب تک رہے قفس میں رہے بال و پر عقیلؔ

آزاد جب ہوئے تو سبھی بال و پر گئے

مزید غزلیں از عقیل سنبھلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں