عقیل عباس جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
احساس زیاں ہم میں سے اکثر میں نہیں تھا (غزل)
احساس زیاں ہم میں سے اکثر میں نہیں تھا
اس دکھ کا مداوا کسی پتھر میں نہیں تھا
وہ شخص تو شب خون میں مارا گیا ورنہ
اس جیسا بہادر کوئی لشکر میں نہیں تھا
اب خاک ہوا ہوں تو یہ احوال کھلا ہے
شعلے کے سوا کچھ مرے پیکر میں نہیں تھا
یہ واقعہ میرا تھا کہ تھا سانحہ میرا
میں اپنے ہی گھر میں تھا مگر گھر میں نہیں تھا
ہر عشق کے منظر میں تھا اک ہجر کا منظر
اک وصل کا منظر کسی منظر میں نہیں تھا
جہاں میں آئے نہ کوئی کمی محبت کی (غزل)
جہاں میں آئے نہ کوئی کمی محبت کی
صدا لگاتا رہوں گا یوں ہی محبت کی
یہ دل جو باغ کی صورت مہک رہا ہے میاں
کبھی کھلی تھی یہاں اک کلی محبت کی
نہ جانے کتنے ہی لمحے پلک پہ ٹھہر گئے
کسی نے بات جو چھیڑی کبھی محبت کی
رکھا ہے ایک ہی معیار ہر محبت میں
سو جس کسی سے بھی کی ایک سی محبت کی
تھا پہلی پہلی محبت کا نشہ خوب مگر
کچھ اور بات ہے اس آخری محبت کی
یہ شہر دل کے مکینوں کو خوب ہے معلوم
ہر اک پہ کھلتی نہیں ہے گلی محبت کی
نہ مال و زر کی طلب پھر اسے ہوئی کوئی
جسے نصیب ہوئی ہے پری محبت کی
جب آئنے میں نظر آئے کوئی اور ہی شخص
ہے پہلی پہلی علامت یہی محبت کی
وہی تو جان سکے گا ہمارا حال عقیلؔ
وہ جس نے ہجر سہا یا کبھی محبت کی