افضل کرت پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اظہار محبت کی تمنا تو ہے کب سے (غزل)
اظہار محبت کی تمنا تو ہے کب سے
حسرت تھی کہ یہ لفظ ادا ہو ترے لب سے
شبنم ہے ترے رخ کے پسینے سے عبارت
ہے خندۂ گل عکس ترے خندۂ لب سے
ایسا بھی کسی سے کوئی شاید نہ جدا ہو
یوں آپ سے بچھڑے کہ جدا ہو گئے سب سے
ڈرتا ہوں کہ پھر کوئی قیامت نہ گزر جائے
پھر صبح کے آثار ہیں تاریکئ شب سے
کیا کیا نہ دئے نام زمانے نے وفا کو
کیا کیا نہ ہوا تیری خموشی کے سبب سے
کاش ان کو بھی ہو پرسش احوال کی توفیق
ہم نقش بہ دیوار ہیں کیا جانیے کب سے
جس دن سے گیا ہے کوئی گھر چھوڑ کے افضلؔ
اس گھر کے شب و روز بھی لگتے ہیں عجب سے
جن کی خاطر سب سے بیگانے ہوئے (غزل)
جن کی خاطر سب سے بیگانے ہوئے
ہائے وہ لمحے بھی افسانے ہوئے
پھر کسی کے ہو نہ پائے عمر بھر
آپ کے ہو کر جو بیگانے ہوئے
کس سے کہئے اپنے قاتل ہیں وہی
تھے مسیحا جن کو گردانے ہوئے
دیکھتے تھے ہم نگاہ راہبر
ورنہ تھے رہزن تو پہچانے ہوئے
اب قفس کی زندگی سے کیا گریز
جب یہیں تقدیر کے دانے ہوئے
سو رہا ہے نوع آدم کا ضمیر
اک ردائے بے حسی تانے ہوئے
ہو گئے افضلؔ وطن میں اجنبی
ہر گلی کے جانے پہچانے ہوئے