پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عقیل عباس چغتائی کی غزلیں — Aqeel Abbas Chughtai Ghazals

عقیل عباس چغتائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک دوجے کے قریں بیٹھ کے رو لیتے ہیں (غزل)

ایک دوجے کے قریں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

جہاں کہتا ہے وہیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

میں بہت جلد زمانے سے بچھڑ جاؤں گا

آئیے مجھ کو کہیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

آج کا رونا کبھی کل پہ نہیں ٹالا ہے

جہاں کا غم ہو وہیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

مجھ کو معلوم ہے وہ اتنا نہ رو پائے گا

اس لیے یار ہمیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

وہاں میت کی سماعت پہ گراں گزرے گا

میں تو کہتا ہوں یہیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

ایک ہم ہیں جنہیں فرصت ہی نہیں ملتی عقیلؔ

ورنہ تو لوگ کہیں بیٹھ کے رو لیتے ہیں

میں سمجھتا تھا در و بام کہاں بولتے ہیں (غزل)

میں سمجھتا تھا در و بام کہاں بولتے ہیں

پھر ترے بعد کھلا مجھ پہ کہ ہاں بولتے ہیں

یہ جو دبتی ہے مرے شور میں آواز مری

میری ہستی میں کہیں کار زیاں بولتے ہیں

اس جہاں کے متوازی بھی جہاں ہے کوئی

جو یہاں بول نہیں پاتے وہاں بولتے ہیں

متصل اس کے لبوں سے ہے یہ کار آواز

وہ اگر ہل نہ سکیں ہم بھی کہاں بولتے ہیں

اک زمانے کو بیاں کرتے ہیں لفظوں کے بغیر

مجھ سخن ساز سے بہتر تو نشاں بولتے ہیں

دیکھ اک دوجے سے ٹکرانے لگیں آوازیں

اتنا بے ڈھنگ ترے لوگ یہاں بولتے ہیں

اک خلا ہے جو صداؤں کو نگل جاتا ہے

کوئی سن ہی نہیں پاتا جو مکاں بولتے ہیں

آگ روتی ہے تو ہم کو بھی رلا دیتی ہے

یہ تو آنسو ہیں جنہیں لوگ دھواں بولتے ہیں

اشک در اشک سلاست ہے بہاؤ میں عقیلؔ

مری آنکھوں کو تبھی چشم رواں بولتے ہیں

مزید غزلیں از عقیل عباس چغتائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں