پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل خان کی غزلیں — Afzal Khan Ghazals

افضل خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے رونا نہیں آواز بھی بھاری نہیں کرنی (غزل)

مجھے رونا نہیں آواز بھی بھاری نہیں کرنی

محبت کی کہانی میں اداکاری نہیں کرنی

ہوا کے خوف سے لپٹا ہوا ہوں خشک ٹہنی سے

کہیں جانا نہیں جانے کی تیاری نہیں کرنی

تحمل اے محبت ہجر پتھریلا علاقہ ہے

تجھے اس راستے پر تیز رفتاری نہیں کرنی

ہمارا دل ذرا اکتا گیا تھا گھر میں رہ رہ کر

یوں ہی بازار آئے ہیں خریداری نہیں کرنی

غزل کو کم نگاہوں کی پہنچ سے دور رکھتا ہوں

مجھے بنجر دماغوں میں شجرکاری نہیں کرنی

وصیت کی تھی مجھ کو قیس نے صحرا کے بارے میں

یہ میرا گھر ہے اس کی چار دیواری نہیں کرنی

نہیں تھا دھیان کوئی توڑتے ہوئے سگریٹ (غزل)

نہیں تھا دھیان کوئی توڑتے ہوئے سگریٹ

میں تجھ کو بھول گیا چھوڑتے ہوئے سگریٹ

سو یوں ہوا کہ پریشانیوں میں پینے لگے

غم حیات سے منہ موڑتے ہوئے سگریٹ

مشابہ کتنے ہیں ہم سوختہ جبینوں سے

کسی ستون سے سر پھوڑتے ہوئے سگریٹ

کل اک ملنگ کو کوڑے کے ڈھیر پر لا کر

نشے نے توڑ دیا جوڑتے ہوئے سگریٹ

ہمارے سانس بھی لے کر نہ بچ سکے افضلؔ

یہ خاکدان میں دم توڑتے ہوئے سگریٹ