عقیل عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس سے پہلے کہ کہانی سے کہانی نکلے (غزل)
اس سے پہلے کہ کہانی سے کہانی نکلے
آ مرے دل میں اتر آنکھ سے پانی نکلے
اتنی عجلت میں تلاشی نہیں لی جا سکتی
سانپ کو حکم کرو رات کی رانی نکلے
خیر کی ساری دعاؤں کا بھلا ہو لڑکی
ایک بوسہ دم رخصت کہ گرانی نکلے
اس لیے بھی یہ بدن کھینچنا پڑتا ہے مجھے
جتنے سکے تھے مرے پاس زمانی نکلے
اس پہ موقوف ہے جو حکم ہو دریا دیکھے
ریت نکلے یا ترائی میں سے پانی نکلے
چھوڑیئے آپ کا اس بات سے کیا لینا ہے (غزل)
چھوڑیئے آپ کا اس بات سے کیا لینا ہے
اک برہمن کو مساوات سے کیا لینا ہے
خاک کو خاک کا پیوند لگے گا اور بس
ہم کو اس ارض و سماوات سے کیا لینا ہے
آپ تو سوچ کے آئے تھے یہاں کیا ہوگا
آپ کو یوں بھی مضافات سے کیا لینا ہے
آگ کی سرخ لپٹ نے مجھے پاگل رکھا
خون کی لہر کو اس گھات سے کیا لینا ہے
زخم پر ہاتھ رکھیں اور روانہ ہو لیں
اس اندھیرے میں مناجات سے کیا لینا ہے
مزید غزلیں از عقیل عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں