پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل حسین افضل کی غزلیں — Afzal Husain Afzal Ghazals

افضل حسین افضل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل شکستہ ہے روح پیاسی ہے (غزل)

دل شکستہ ہے روح پیاسی ہے

ایک بے نام سی اداسی ہے

رنج کیا عیش کیا تمیز کسے

سلسلہ وار بد حواسی ہے

صاف گوئی کہ وصف تھی پہلے

ان دنوں جرم ناروا سی ہے

کتنا آساں ہے معتبر ہونا

کتنی دشوار خود شناسی ہے

میری عصیاں نگاہی کا موجب

آپ کی مختصر لباسی ہے

تھوڑی جرأت سے کیا نہیں ہوتا

پھر وہ لڑکی بھی آدی باسی ہے

میرے شعروں میں فن نہیں نہ سہی

آپ کی رائے اقتباسی ہے

ریشمی زلف چاند سا چہرہ

سر پہ آنچل مگر کپاسی ہے

پیاسی پیاسی ہے آرزو افضلؔ

مملکت دل کی کربلا سی ہے

خوش بہت ہے کہ خوش گماں بھی تو ہے (غزل)

خوش بہت ہے کہ خوش گماں بھی تو ہے

ربط دونوں کے درمیاں بھی تو ہے

سر سے پا تک وہ آتش خاموش

دیدۂ نم دھواں دھواں بھی تو ہے

خیمہ جلنے کا راز سر بستہ

کوئی در پردہ مہرباں بھی تو ہے

شاخساروں پہ اعتماد بھی کم

چار تنکوں کا آشیاں بھی تو ہے

تیز چلنے پہ اختیار سہی

ہم سفر کوئی ناتواں بھی تو ہے

ہے قبیلے میں انتشار بہت

سرپھروں کا یہ کارواں بھی تو ہے

یاں کہ فرشی سلام ہے ممنوع

یہ فقیروں کا آستاں بھی تو ہے

کب کشش تھی بیاں میں یوں افضلؔ

یہ شب غم کی داستاں بھی تو ہے

چاک در چاک گریباں ہے تمہارا کیا ہے (نظم)

چاک در چاک گریباں ہے تمہارا کیا ہے

میری وحشت مرا داماں ہے تمہارا کیا ہے

تم ہی اردو کے گلستاں میں خوش الحان نہیں

کشت بنگال گل افشاں ہے تمہارا کیا ہے

پا فگاران جنوں کو نہ ہدایت دینا

کو بہ کو خار مغیلاں ہے تمہارا کیا ہے

تم کو آتا بھی ہے کچھ اپنے قصیدے کے سوا

کوئی اردو کا ثنا خواں ہے تمہارا کیا ہے

احتساب اپنا بھی لازم ہے حضور والا

کوئی دانا ہے کہ ناداں ہے تمہارا کیا ہے

نقد بے جا سے یوں کردار کشی مت کرنا

اپنا اللہ نگہباں ہے تمہارا کیا ہے

تم کو دعویٰ ہے مہارت کا زباں دانی میں

کوئی خوش فکر غزل خواں ہے تمہارا کیا ہے

تم کہ صوبائی تعصب کے اندھیروں کے خطیب

میرے کوچے میں چراغاں ہے تمہارا کیا ہے

بانجھ دھرتی پہ شگوفے نہیں کھلتے افضلؔ

میرا ہر زخم نمایاں ہے تمہارا کیا ہے

مزید غزلیں از افضل حسین افضل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں