پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل منہاس کی غزلیں — Afzal Minhas Ghazals

افضل منہاس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو شخص بھی ملا ہے وہ اک زندہ لاش ہے (غزل)

جو شخص بھی ملا ہے وہ اک زندہ لاش ہے

انساں کی داستان بڑی دل خراش ہے

دامن دریدہ قلب و نظر زخم زخم ہیں

اب شہر آرزو میں یہی بود و باش ہے

بس اب تو رہ گئی ہے دکھاوے کی زندگی

سانسوں کے تار تار میں ایک ارتعاش ہے

مٹی نے پی لیا ہے حرارت بھرا لہو

جوش نمو ملا تو بدن قاش قاش ہے

کانٹوں نے بھی خزاں کی غلامی قبول کی

دیکھو تو آج چہرۂ گل پر خراش ہے

وہ دور اب کہاں کہ تمہاری ہو جستجو

اس دور میں تو ہم کو خود اپنی تلاش ہے

افضلؔ وہ بن سنور کے تو آ جائیں گے کبھی

آئینۂ حیات مگر پاش پاش ہے

میں فقط اس جرم میں دنیا میں رسوا ہو گیا (غزل)

میں فقط اس جرم میں دنیا میں رسوا ہو گیا

میں نے جس چہرے کو دیکھا تیرے جیسا ہو گیا

چاند میں کیسے نظر آئے تری صورت مجھے

آندھیوں سے آسماں کا رنگ میلا ہو گیا

ایک میں ہی روشنی کے خواب کو ترسا نہیں

آج تو سورج بھی جب نکلا تو اندھا ہو گیا

یہ بھی شاید زندگی کی اک ادا ہے دوستو

جس کو ساتھی مل گیا وہ اور تنہا ہو گیا

ایک پتھر زندگی نے تاک کر مارا مجھے

چوٹ وہ کھائی کہ سارا جسم دوہرا ہو گیا

مل گیا مٹی میں جب افضلؔ تو یہ آئی صدا

گر گئی دیوار اور سایہ اکیلا ہو گیا

مزید غزلیں از افضل منہاس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں