انوری بیگم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے کیوں کر اس قدر سہما ہوا ہے آئینہ (غزل)
جانے کیوں کر اس قدر سہما ہوا ہے آئینہ
آئینے کو دیکھ کر بھی ڈر رہا ہے آئینہ
کیا کوئی معصوم سی صورت نظر میں آ گئی
کیوں سوالوں میں الجھ کر رہ گیا ہے آئینہ
آپ اپنے آپ کو اس سے چھپا سکتے نہیں
آپ کی اک اک ادا سے آشنا ہے آئینہ
خواہشوں کے جال میں الجھا ہوا ہے ہر بشر
کون کتنا بے غرض ہے جانتا ہے آئینہ
آشیاں میرا جلایا نوچ ڈالے پر مرے
آپ کو اس حال میں بھی دیکھتا ہے آئینہ
اس لئے سب نے نگاہوں سے گرایا ہے اسے
جس کی جیسی شکل ہے وہ بولتا ہے آئینہ
ہاتھ میں پتھر لئے کیوں بڑھ رہے ہو اس طرف
چوٹ کھا کر خود بھی پتھر بن چکا ہے آئینہ
ظلم کی تلوار کے سائے میں بھی ہوں سجدہ ریز
انوریؔ ہر حال میں پہچانتا ہے آئینہ
وہ چاند ابر سے جس وقت بے نقاب ہوا (غزل)
وہ چاند ابر سے جس وقت بے نقاب ہوا
عجب شباب کے عالم میں انقلاب ہوا
جنوں کے حصے میں صحرا نوردیاں آئیں
تمام عمر کہاں عشق باریاب ہوا
چمن میں نغمہ سرا کیوں کوئی نہیں ملتا
ہوا تو کون سے موسم کا ہے عتاب ہوا
مری زباں پہ تو حرف گلہ نہیں آیا
وہ آپ اپنے عمل سے ہی آب آب ہوا
سمجھ سکی نہ اسے انوریؔ ابھی تک میں
عجیب میری نگاہوں کا انتخاب ہوا
دونوں (نظم)
دونوں
خاموش تھے
کسی نے کسی سے
کچھ نہیں کہا
چہرے
لہروں سے بیگانہ
پر سکون تھے
نظریں
آنکھوں کی جھیل میں
غوطہ زن تھیں
مگر
دل کے دریا میں
طوفانوں کا
شور تھا