پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل علوی کی غزلیں — Afzal Alvi Ghazals

افضل علوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گزرے تعلقات کا اب واسطہ نہ دے (غزل)

گزرے تعلقات کا اب واسطہ نہ دے

گم ہو چکی کتاب جو اس کا پتہ نہ دے

اب تذکرے نہ چھیڑ مرے عہد شوق کے

جو بجھ گئی ہے آگ اسے پھر ہوا نہ دے

کچھ اس قدر فریب سہاروں سے کھائے ہیں

میں گر پڑوں گا خوف سے تو آسرا نہ دے

جس کی جبین شوق پہ لکھا تھا میرا نام

اب دور جا بسا ہے تو شاید بھلا نہ دے

شعلہ جو موجزن ہے محبت کا دل میں آج

ڈر ہے کہ صرصر غم دوراں بجھا نہ دے

گو چل پڑا ہوں دل سے مگر چاہتا ہوں یہ

اٹھ کر مجھے وہ روک لے اور راستہ نہ دے

خالی نہ کوئی دولت اخلاص سے رہے

علویؔ کسی کو بھول کے یہ بد دعا نہ دے

مزید غزلیں از افضل علوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں