پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

افضل گوہر راؤ کی غزلیں — Afzal Gauhar Rao Ghazals

افضل گوہر راؤ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہجر میں اتنا خسارہ تو نہیں ہو سکتا (غزل)

ہجر میں اتنا خسارہ تو نہیں ہو سکتا

ایک ہی عشق دوبارہ تو نہیں ہو سکتا

چند لوگوں کی محبت بھی غنیمت ہے میاں

شہر کا شہر ہمارا تو نہیں ہو سکتا

کب تلک قید رکھوں آنکھ میں بینائی کو

صرف خوابوں سے گزارا تو نہیں ہو سکتا

رات کو جھیل کے بیٹھا ہوں تو دن نکلا ہے

اب میں سورج سے ستارہ تو نہیں ہو سکتا

دل کی بینائی کو بھی ساتھ ملا لے گوہرؔ

آنکھ سے سارا نظارا تو نہیں ہو سکتا

نیند آئی نہ کھلا رات کا بستر مجھ سے (غزل)

نیند آئی نہ کھلا رات کا بستر مجھ سے

گفتگو کرتا رہا چاند برابر مجھ سے

اپنا سایہ اسے خیرات میں دے آیا ہوں

دھوپ کے ڈر سے جو لپٹا رہا دن بھر مجھ سے

کون سی ایسی کمی میرے خد و خال میں ہے

آئنہ خوش نہیں ہوتا کبھی مل کر مجھ سے

کیا مصیبت ہے کہ ہر دن کی مشقت کے عوض

باندھ جاتا ہے کوئی رات کا پتھر مجھ سے

دشت کی سمت نکل آیا ہے میرا دریا

بس اسی پر ہیں خفا سارے سمندر مجھ سے

اپنے ہاتھوں کو جو کشکول بنایا گوہرؔ

گر پڑا جانے کہاں میرا مقدر مجھ سے

مزید غزلیں از افضل گوہر راؤ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں