پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور شمیم کی غزلیں — Anwar Shamim Ghazals

انور شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ماہ تاباں تری تصویر بناتے ہوئے تھے (غزل)

ماہ تاباں تری تصویر بناتے ہوئے تھے

دل سے پیوست کوئی تیر بناتے ہوئے تھے

لوگ جس دشت میں شمشیر بناتے ہوئے تھے

ہم وہاں لحن مزامیر بناتے ہوئے تھے

اور کیا خاک پہ انگشت سے خط کھینچتے تھے

کشت دلگیر کو کشمیر بناتے ہوئے تھے

کھارے پانی سے کیا کرتے تھے بلور کشید

دانۂ شور سے اکسیر بناتے ہوئے تھے

زخم ہم نے کبھی آلودۂ رہم نہ کیا

ہجر کو وصل کی تعبیر بناتے ہوئے تھے

چاند بادل سے نکلتا کبھی چھپتا تھا ادھر

ہم ادھر خواب کی تصویر بناتے ہوئے تھے

جسم کے لوتھڑے ملبوں میں ادھر ڈھونڈتے تھے

اور ادھر اک نئی تعمیر بناتے ہوئے تھے

یوں کوئی دشت سخن کا کہیں ہوتا ہے اسدؔ

ہاں مگر عشق کو جو میرؔ بناتے ہوئے تھے

فرق کیا ہے یہ من و تو کے بیچ (غزل)

فرق کیا ہے یہ من و تو کے بیچ

ایک سے دوسری خوشبو کے بیچ

ہم چلے بھی کہ وہیں پر ہیں کھڑے

محمل و ناقہ کے جادو کے بیچ

فاصلہ کتنا بڑھا مڑ کے تو دیکھ

منصفی اور ترازو کے بیچ

اک بڑا فرق ہے معصومی کا

دشت اور شہر کے آہو کے بیچ

لوگ جینے پہ نہ مامور تھے کب

خنجر و مہر ہلاکو کے بیچ

لوگ کس عشق کے جویا ہوئے ہیں

رقص و پازیب سے گھنگرو کے بیچ

اٹھو (نظم)

اٹھو

سیلے کمرے سے باہر کو نکلو

وہاں ہے زمانہ تغیر پذیر

کہ ہم چاہ تاریک میں

اپنی آنکھیں نہ کھو دیں

اٹھیں جب

تو سب چیزیں بدلی ملیں

اور سارے تماشے ہمیں

اجنبی آنکھ سے گھورتے ہم سے پوچھیں

کہ تم کون ہو

کس عجائب کدے سے نکل آئے ہو

اور جب

اپنی جیبیں ٹٹولیں

تو سکے ہمارے زر و سیم کے

قیمتیں کھو چکے ہوں

ہمیں یہ خبر مل رہی ہو

کہ ہم عہد رفتہ کے صحرائے ہو میں کہیں

اپنے موہوم و مبہم ہیولے کی بھی

جانے کب کی نفی کر چکے

مزید غزلیں از انور شمیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں