انور سہارنپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں خفا ہم سے ہو خطا کیا ہے (غزل)
کیوں خفا ہم سے ہو خطا کیا ہے
یہ تو فرمائیے ہوا کیا ہے
حسن کیا حسن کی ادا کیا ہے
اس کے جلووں کا دیکھنا کیا ہے
ایک عالم ہے صرف مے نوشی
نگہ مست ماجرا کیا ہے
نیچی نظروں سے کر دیا گھائل
اب یہ سمجھے کہ یہ حیا کیا ہے
جان دینا ہے عین مقصد عشق
ان کو اندازۂ وفا کیا ہے
ہم سے برہم رقیب سے شاداں
کہئے کہئے یہ ماجرا کیا ہے
جن کی ہستی ہے اک شرر کی مثال
ایسے تاروں کا ڈوبنا کیا ہے
عارض یار کے مقابل ہو
مہر تاباں کا حوصلا کیا ہے
خون عاشق ہے یا حنا کا رنگ
میرے قاتل یہ زیر پا کیا ہے
خود ہی گم ہو کے رہ گئے انورؔ
حاصل جستجو ہوا کیا ہے
وہ پردے سے نکل کر سامنے جب بے حجاب آیا (غزل)
وہ پردے سے نکل کر سامنے جب بے حجاب آیا
جہان عشق میں یک بارگی اک انقلاب آیا
زمیں کے ذرہ ذرہ سے نمایاں ہو گئے جلوے
سر گلزار وہ رشک قمر جب بے حجاب آیا
مکرر زندگانی کا مزا ہو جائے گا حاصل
دم آخر بھی قاصد لے کے گر خط کا جواب آیا
مقدر سے مرے دونوں کے دونوں بے وفا نکلے
نہ عمر بے وفا پلٹی نہ پھر جا کر شباب آیا
وفور شرم سے اس آفتاب حسن کے آگے
جہاں کا ہر حسیں ڈالے ہوئے منہ پر نقاب آیا
دل بیتاب و طاقت کو تسلی کچھ ہوئی حاصل
پیام اس بت کے آنے کا جو وقت اضطراب آیا
عجب پر کیف عالم ہے زمانہ مست ہے انورؔ
کہ ان کے چودھویں من میں نظر رنگ شراب آیا