پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفتاب رئیس پانی پتی کی غزلیں — Aftab Raees Panipati Ghazals

آفتاب رئیس پانی پتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گری ہے برق تپاں دل پہ یہ خبر سن کر (نظم)

گری ہے برق تپاں دل پہ یہ خبر سن کر

چڑھا دیا ہے بھگت سنگھ کو رات پھانسی پر

اٹھا ہے نالۂ پر درد سے نیا محشر

جگر پہ مادر بھارت کے چل گئے خنجر

شکستہ حال ہوا قوم کے حبیبوں کا

بدن میں خشک لہو ہو گیا غریبوں کا

ابھی تو قوم نے نہروؔ کا غم اٹھایا تھا

ابھی تو داس کی فرقت نے حشر ڈھایا تھا

ابھی تو ہجر کا بسمل کے زخم کھایا تھا

ابھی تو کوہ ستم چرخ نے گرایا تھا

چلے ہیں ناوک بیداد پھر کلیجوں پر

کہ آج اٹھ گئے افسوس نوجواں رہبر

عدو وطن کو تشدد سے کیا دبائیں گے

وہ اپنے ہاتھ سے فتنے نئے جگائیں گے

جو ملک و قوم کی دیوی پہ سر چڑھائیں گے

نثار ہو کے شہیدوں میں نام پائیں گے

گرے گا قطرۂ خوں بھی جہاں سپوتوں کا

فدائے ہند وہاں ہوں گے سینکڑوں پیدا

جہاں سے ملک عدم نونہال جاتے ہیں

نمایاں کر کے ستم کش کا حال جاتے ہیں

گرا کے ہند میں کوہ ملال جاتے ہیں

وطن کو چھوڑ کے بھارت کے لال جاتے ہیں

تڑپ رہے ہیں جدائی میں بے قرار وطن

چلے ہیں عالم بالا کو جاں نثار وطن

مزید غزلیں از آفتاب رئیس پانی پتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں