پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انور صادقی کی غزلیں — Anwar Sadiqui Ghazals

انور صادقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم ان سے ٹوٹ کر ملتے ہیں مل کر ٹوٹ جاتے ہیں (غزل)

ہم ان سے ٹوٹ کر ملتے ہیں مل کر ٹوٹ جاتے ہیں

تماشہ ہے کہ شیشے سے بھی پتھر ٹوٹ جاتے ہیں

میں ہوں وہ سخت جاں ہے جس کی جرأت اتنی مستحکم

مرے سینے تک آتے آتے خنجر ٹوٹ جاتے ہیں

جو رشتے ہوتے ہیں قائم فقط مطلب پرستی پر

وہی رشتے یقیناً خود ہی اکثر ٹوٹ جاتے ہیں

جفا اہل وفا پر کرکے جب احساس ہوتا ہے

وہیں دل سوز و دل آزار دلبر ٹوٹ جاتے ہیں

کبھی آندھی سے تتلی کو بھی جنبش کچھ نہیں ہوتی

کبھی شاہین کے مضبوط شہ پر ٹوٹ جاتے ہیں

نظر آخر نظر ہے کام کر جاتی ہے پل بھر میں

حقیقت آئنوں کی کیا ہے پتھر ٹوٹ جاتے ہیں

ترے اشعار میں وہ سوز ہے وہ درد ہے پنہاں

ترے اشعار سن کر ہم تو انورؔ ٹوٹ جاتے ہیں

ادھر کچھ اور کہتی ہے ادھر کچھ اور کہتی ہے (غزل)

ادھر کچھ اور کہتی ہے ادھر کچھ اور کہتی ہے

یہ دنیا چاہتی کچھ ہے مگر کچھ اور کہتی ہے

یہ دل کچھ اور کہتا ہے نظر کچھ اور کہتی ہے

مگر ان کی نگاہ معتبر کچھ اور کہتی ہے

قصیدے پڑھ رہے ہو تم چمن کی شان میں لیکن

ہر اک جھلسی ہوئی شاخ شجر کچھ اور کہتی ہے

بظاہر ہیں جدید اسلوب کی آرائشیں دل کش

مگر تحقیق ارباب ہنر کچھ اور کہتی ہے

پتہ صحت کا چلتا ہے مریض غم کے چہرے سے

مگر سنجیدگیٔ چارہ گر کچھ اور کہتی ہے

تری پوشاک کے پیوند ہیں افلاس کے مظہر

تری با رعب شخصیت مگر کچھ اور کہتی ہے

بنانے کو بنا لیں ہم بھی شیشوں کے مکاں انورؔ

مگر یاروں کی سنگ افگن نظر کچھ اور کہتی ہے

مزید غزلیں از انور صادقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں