پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آفتاب رانجھا کی غزلیں — Aftab Ranjha Ghazals

آفتاب رانجھا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محفل میں بار بار جو ہم پر نظر گئی (غزل)

محفل میں بار بار جو ہم پر نظر گئی

ہر دل پہ جیسے لہر قیامت گزر گئی

کر کے امید زندگی جیتے رہے ہیں ہم

اب کہ امید زندگی جانے کدھر گئی

ملنا تمہارا جیسے بہاروں کا انبساط

پوچھا جو میرا حال تو قسمت سنور گئی

وہ کیا خبر تھی جس نے ہمیں بے خبر کیا

وہ کیا نظر تھی زخم جگر تک اتر گئی

کیسے ہوئے فریفتہ یہ راز ہی رہا

شاید نگاہ یار بڑا کام کر گئی

الجھے ہیں اس طرح سے غم روزگار میں

لذت غم فراق کی شام و سحر گئی

اے حسن تیرے چاہنے والوں کی خیر ہو

اے عشق تیری آہ و فغاں بے اثر گئی

ہر دل سلگ رہا ہے محبت کی آگ میں

جانے بلائے عشق بھی کس کس کے گھر گئی

بدنام کر گئی ہے ہمیں رسم دلبری

جو بھی نظر اٹھی ہے وہ ہم پر ٹھہر گئی

میری کتاب غم کا بھی قصہ ہوا تمام

اس شہر نا شناس میں وہ دربدر گئی

برہمؔ گیا ہے کام سے دل بھی ہمارے ساتھ

آیا خیال یار تو بھی آنکھ بھر گئی

محبت کا تقاضا ہے غموں سے چور ہو جانا (غزل)

محبت کا تقاضا ہے غموں سے چور ہو جانا

کبھی ہنسنا کبھی رونا کبھی مجبور ہو جانا

تمہاری کج ادائی نے بھی مجھ سے کھیل کھیلا ہے

مرا بدنام ہو جانا ترا مشہور ہو جانا

ہمارے دل کا افسانہ جہاں تک یاد آتا ہے

فقط پہلی نظر میں گر کے نامنظور ہو جانا

مری پینے کی عادت بھی عجب سے گل کھلاتی ہے

جہاں دیکھی حسیں آنکھیں وہیں مخمور ہو جانا

زمانہ بھر تو پتھر ہے فقط ہیں آبگینے ہم

ذرا سی ٹھیس کیا پہنچی کہ چکنا چور ہو جانا

کبھی جو آئنہ دیکھا وہیں شرما گئے خود سے

انہیں آتا ہے کیسے حسن سے مغرور ہو جانا

کمال ان کی طبیعت ہے کبھی بگڑے کبھی سنورے

کریں جو لب کشائی بھی وہی دستور ہو جانا

ہماری حالت دل کا بھروسہ بھی نہیں برہمؔ

جہاں منزل نظر آئے وہاں سے دور ہو جانا

مزید غزلیں از آفتاب رانجھا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں